خودکار ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اور بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں بغیر کسی انسانی پائلٹ کے پرواز کرنے والے مسافر طیارے نے امریکا بھر کا پہلا کامیاب سفر مکمل کر لیا ہے۔
یہ تاریخی کامیابی جوبی ایوی ایشن نامی کمپنی کے سنگل انجن ‘سیسنا کاروان’ طیارے نے حاصل کی ہے۔ کمپنی کے بانی اور چیف ایگزیکٹو جو بین بیورٹ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ امریکا بھر کا یہ سفر ہوابازی کی صنعت میں ایک نئے اور جدید عہد کا آغاز ہے۔
یہ طیارہ 7 ستمبر کو کیلیفورنیا سے روانہ ہوا اور 14 ستمبر تک بغیر کسی پائلٹ کی معاونت کے 3,199 میل کا فاصلہ طے کیا۔ اس تمام روٹ اور سفر کو کنٹرول کرنے کے لیے مکمل خودکار پروگرامنگ کا سہارا لیا گیا۔ سفر کے دوران طیارے نے متعدد مقامات پر قیام کیا اور پرواز کے ساتھ ساتھ تکنیکی و سفری رکاوٹوں کی مسلسل مانیٹرنگ بھی کی۔
کمپنی حکام کے مطابق آزمائشی مرحلہ کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد یہ طیارہ اب واپس کیلیفورنیا جائے گا۔ جوبی ایوی ایشن کا ماننا ہے کہ ایسی خودکار پروازوں کی بدولت دور دراز علاقوں کو مرکزی شہروں سے جوڑنے میں آسانی ہو گی جبکہ قدرتی آفات کے موقع پر بھی تیز ترین امدادی ردعمل دینا ممکن ہو سکے گا۔







