پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے جنرل منیجر پروجیکٹ نارتھ عالمگیر اعوان کی سربراہی میں واپڈا کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پہاڑ پور کے قریب سی آر بی سی نہر میں حالیہ شگاف اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
واپڈا حکام نے گورنر کو نہر میں شگاف کے بعد ادارے کی جانب سے کیے گئے فوری اقدامات اور بحالی کے کاموں سے آگاہ کیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ شگاف کے باعث متعدد دیہات زیرِ آب آنے سے مقامی آبادی اور کسانوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، اس لیے بحالی کے اقدامات میں مزید تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔
گورنر نے بحالی کے کام میں سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واپڈا حکام کو ہدایت دی کہ سی آر بی سی نہر سے متعلق بحالی کے کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ متاثرہ آبادی اور کسانوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔
جنرل منیجر پروجیکٹ نارتھ عالمگیر اعوان نے گورنر کو بتایا کہ واپڈا کی ٹیم نے متاثرہ مقام کا فیلڈ سروے مکمل کر لیا ہے اور جلد بحالی کے کام کا آغاز کیا جائے گا۔







