موضع ناڑو بانڈہ مانیری بالا میں چھ لاکھ روپے کے تنازع پر 22 سالہ نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔ پولیس تھانہ صوابی کی رپورٹ کے مطابق حسنین سکنہ مانیری بالا نے ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ گزشتہ رات اپنے 22 سالہ بھائی سدیس کے ہمراہ راستہ لنڈہ ناڑو مانیری بالا میں موجود تھا، جہاں فرحان، ارسلان اور ریحان ساکنان سلیم خان خدر رقم کے لین دین کے حوالے سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس دوران تلخ کلامی کے بعد تینوں بھائیوں نے اپنے اپنے پستول سے ان پر فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں اس کا بھائی سدیس گولی لگنے سے موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی وجہ چھ لاکھ روپے کا مالی تنازع بیان کی گئی ہے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔







