
تحریر و تحقیق ؛سیدہ عفت جبار (نیویارک امریکہ)
وقت گزر جاتا ہے، مگر بعض گھروں کی دھوپ یادوں میں ٹھہری رہتی ہے کچھ آوازیں ایسی ہوتی ہیں جو برسوں کی مسافت کے بعد بھی ذہن کے کسی خاموش گوشے سے سنائی دینے لگتی ہیں، اور کچھ چہرے اپنے مخصوص لباس، انداز اور معمولات کے ساتھ حافظے میں آباد رہتے ہیں بچپن میں ہم ان چہروں کے ساتھ جیتے ہیں، ان کی موجودگی کو روزمرہ زندگی کا حصہ سمجھتے ہیں ،ان کی اصل اہمیت بہت بعد میں سمجھ آتی ہے میری یادوں میں بھی ایک ایسا گھر آباد ہے جس کی چھت پر سردیوں کی دھوپ میں ایک بزرگ کاغذات پر جھکے لکھا کرتے تھے، اور رات ہوتی تو اسی گھر سے ایک خاص آہنگ میں پڑھے جانے والے کلام کی آواز آتی تھی تب ہمارے لیے وہ کسی معروف شاعر یا ادیب کا گھر نہیں، صرف ’’حاجی صاحب‘‘ کا مکان تھا یہ حاجی صاحب، پشتو ادب کے معروف شاعر و ادیب سمندر خان سمندر تھے وہ ریڈیو پاکستان پشاور کے مستقل ملازم اسٹاف آرٹسٹ تھے پشاور کینٹ میں ہمارے آبائی گھر اور ان کے ذاتی مکان کے درمیان صرف ایک دیوار تھی،اُس دیوار کے اِس طرف ہمارا کھیلتا کودتا ابتدائی بچپن کا دور تھا اور اُس طرف ایک شاعر، ادیب، محقق اور مترجم کی یکسو زندگی،ہمیں نہ ان کی تصانیف کا علم تھا، نہ ادبی مرتبے کا اندازہ تھا ہماری پہچان ان کی وضع قطع، رہن سہن، معمولات اور اس رعب سے تھی جو ان کی موجودگی میں ہم بچوں پر طاری ہوجاتا تھا،سمندر خان سمندر یکم جنوری 1901ء کو بدرشی، نوشہرہ کینٹ میں پیدا ہوئے ان کی تصانیف کی فہرست میں ۔ژور سمندر، دادب منارہ ،میرمنے، دبلال ہانگ ،کاروان روان دے، لیت ولار، خوگہ شپیلئی، پختنے، قافیہ ،دایلم سوکہ ،دقرآن ژڑا اور بلے ڈیوے،شامل ہیں ،ان کا تخلیقی سرمایہ اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ نئی نسل محض ان کا نام نہ جانے بلکہ ان کی کتابوں تک بھی پہنچے،ان کی علمی زندگی کا ایک اہم پہلو علامہ اقبال کی مثنویوں ’’اسرارِ خودی‘‘ اور ’’رموزِ بے خودی‘‘ کا منظوم پشتو ترجمہ ہے ان تراجم کے ذریعے انھوں نے اقبال کے فکر و شعر کو پشتو زبان میں منتقل کیا آج ان خدمات کے بارے میں پڑھتی ہوں تو چھت پر لکھتے ہوئے ان کا وہ منظر نئے معنی اختیار کرلیتا ہے جو کبھی ہمارے لیے محض ایک مصروف بزرگ کی تصویر تھا ان کی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان نے انھیں تمغۂ امتیاز سے نوازا اور بعدازاں 14 اگست 1984ء کو صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی عطا کیا یہ ان کی زندگی کے وہ حوالے ہیں جو ادبی تاریخ میں محفوظ ہیں، لیکن میرے حافظے میں ان کے ساتھ روزمرہ زندگی کے بہت سے چھوٹے چھوٹے منظر بھی محفوظ ہیں ،ان کے اہلِ خانہ گاؤں میں رہتے تھے اور وہ پشاور کینٹ کے اپنے گھر میں تنہا مقیم تھے تاکہ یکسوئی کے ساتھ اپنے علمی و ادبی کاموں میں مصروف رہ سکیں ان کی تنہائی بے ترتیبی کی نہیں، ایک باقاعدہ اور خودانحصار زندگی کی تنہائی تھی اپنا کھانا خود پکاتے، کپڑے خود دھوتے اور گھر کے تمام کام اپنے ہاتھ سے انجام دیتے تھے دفتر جانا، گھر سنبھالنا اور لکھنے پڑھنے کے لیے وقت نکالنا ان کے معمولات کا حصہ تھا آج سوچتی ہوں تو احساس ہوتا ہے کہ ان کے ہاں ادب سے وابستگی صرف لکھنے کی میز تک محدود نہ تھی،اس کے لیے پوری زندگی میں وقت اور ترتیب پیدا کی گئی تھی سردیوں میں گھر کے کاموں سے فارغ ہوکر وہ چھت پر دھوپ میں بیٹھ جاتے اور لکھتے رہتے ہماری اور ان کی چھت ساتھ ساتھ تھیں ہم سیڑھیاں چڑھتے تو کبھی وہ سامنے کاغذات پر جھکے دکھائی دیتے، اپنے کام میں پوری طرح محو،ان کی تحریر بہت خوش خط تھی ہمیں معلوم نہیں ہوتا تھا کہ اس وقت وہ شعر لکھ رہے ہیں، ترجمہ کررہے ہیں یا کسی اور ادبی کام میں مصروف ہیں، مگر وہ جب کاغذ پر لکھتے ہوئے قلم کودوات میں ڈبوتے اور پھر ان کے ہاتھ کی روانی ہماری توجہ کھینچ لیتی تھی،ان کا لباس بھی شخصیت کا نمایاں حصہ تھا وہ کلاہ بڑے اہتمام سے پہنتے اور سردیوں میں چترالی چوغہ ان کے وقار کو مزید نمایاں کردیتا ہماری کالونی میں سب انھیں حاجی صاحب کہتے تھے اور ہم بچوں کے لیے اس نام میں احترام کے ساتھ خاصا خوف بھی شامل تھا ان کی سائیکل بھی ہماری یادوں میں محفوظ ہے وہ اس کی صفائی اور دیکھ بھال کا بہت خیال رکھتے تھے۔ ان کی اسی عادت سے متعلق ایک دلچسپ واقعہ ہے کہ ایک روز دفتر سے واپسی پر بارش شروع ہوگئی انھوں نے سائیکل کو پانی اور کیچڑ سے بچانے کے لیے کندھے پر اٹھالیا اور اسی طرح گھر لے آئے ،اپنی چیزوں کے لئے غیرمعمولی احتیاط ان کے مزاج کا ایک یادگار پہلو تھی ہم بچوں کا ان کے ساتھ سب سے نازک تعلق، البتہ، سائیکل یا کتابوں کے بجائے گیند کا تھا،کھیلتے ہوئے گیند ان کے صحن میں چلی جاتی تو کھیل فوراً رک جاتا سب ایک دوسرے کو دیکھتے کہ اب کون اسے واپس لینے جائے گا بچوں کا شور اور اپنے کام میں خلل انھیں پسند نہیں تھا کبھی وہ گیند باہر لاتے اور ہماری آنکھوں کے سامنے ہماری گیند چاقو سے کاٹ دیتے ،ہمارے لیے یہ اپنی چھوٹی سی دنیا کا بڑا نقصان ہوتا تھا اورخوف ایسا بیٹھ گیا تھا کہ ان کی غیرموجودگی میں بھی، انکے صحن کا دروازہ کھلا ہونے کے باوجود، کسی بچے کی ہمت نہ پڑتی کہ اندر جاکر گیند اٹھالائے آج یہ واقعہ یاد کرتی ہوں تو ان کی یکسوئی کی ضرورت بھی سمجھ آتی ہے اور اپنا بچپن کا دکھ بھی یاد آتا ہے کسی شخصیت کا سچا خاکہ صرف تعریف سے مکمل نہیں ہوتا،اس میں اس کے مزاج کی سختی اور دوسروں پر اس کے اثر کی گنجائش بھی ہونی چاہیے حاجی صاحب کا یہ انداز ہمارے لیے خوف کا باعث تھا، اور یہ خوف بھی ان سے وابستہ ہماری یادوں کا حصہ ہے ،دن کے اس رعب کے مقابلے میں رات کی ایک الگ کیفیت تھی وہ اپنا کلام ایک مخصوص آہنگ اور ردھم کے ساتھ با آواز بلند پڑھتے تھے۔ ان کی آواز دیوار پار ہمارے گھر تک آتی اور ہم اسے سنتے رہتے شعر کے مفہوم اور فنی نزاکتوں کو سمجھنے کی عمر نہیں تھی، مگر آواز کا اتار چڑھاؤ اور پڑھنے کا انداز ذہن میں نقش ہوگیا یوں ان کی شاعری سے ہمارا پہلا تعلق کسی مطبوعہ کتاب کے ذریعے نہیں، اپنے گھر میں بیٹھے ان کی آواز سننے سے قائم ہوا میرے مرحوم والد صاحب، سید عبدالجبار، ان کی خیر خیریت کا بہت خیال رکھتے تھے اگر چند روز تک وہ دکھائی نہ دیتے تو والد صاحب خود ان کے گھر جاکر حال معلوم کرتے،طبیعت ناساز ہوتی تو تیمارداری کرتے انکی ہر سہولت کا خیال کرتے اور میری والدہ محترمہ جو مہمانداری اور لذیذ پکوان کے حوالے سے پشاور بھر میں مشہور ہیں حاجی صاحب کے لیے پرہیزی کھانا تیار کرکے بھجواتیں اور جب والدہ ان کے لیے خاص پکوان تیارکرتیں جنھیں میرے بڑے بھائی سید مسعود جبار، ان کے گھر پہنچاتے تھے یہ ذمہ داری بڑے بھائی ہی نبھاتے، کیونکہ ہم باقی بچے حاجی صاحب کے گھر جانے سے ڈرتے تھے آج اس تعلق کو یاد کرتی ہوں تو اس کی اپنائیت زیادہ محسوس ہوتی ہے ہم بچے جس گھر کی دہلیز پار کرتے ہوئے گھبراتے تھے، ہمارے والدین اسی گھر کے مکین کی ضرورت اور خیریت سے باخبر رہتے تھے وہ اپنے مکان میں تنہا ضرور رہتے تھے، مگر ہمارے گھر میں ان کی صحت کی فکر، ان کے لیے کھانا اور ان کا حال پوچھنے کی خاندانی روایت موجود تھی،میری یادوں میں حاجی صاحب کے ساتھ والد صاحب کی دل جوئی، والدہ کے ہاتھ کے پکوان اور بڑے بھائی کا انھیں کھانا پہنچانا بھی محفوظ ہے۔ شعر سے ان کی گہری وابستگی کا ایک اور دلچسپ واقعہ ہے ،
حاجی سمندر خان سمندر کی اپنے شعر سے محبت کا ایک دلچسپ واقعہ ہے والیئ سوات ان کے قریبی دوست تھے اور وہ ہر گرمی میں ان کے مہمان ہوا کرتے تھے ایک بار سوات کے پہاڑوں میں چہل قدمی اور قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہوتے ہوئے انھیں ایک شعر کی آمد ہوئی جیب ٹٹولی تو کاغذ قلم موجود نہ تھے شعر بھول جانے کے اندیشے سے انھوں نے ایک چھوٹے پتھر سے بڑے پتھر پر شعر لکھ دیا اور سوچا کہ اگلے روز کاغذ قلم لاکر اسے نقل کرلیں گے واپس روانہ ہوئے مگر مگر آدھے راستے میں خیال آیا کہ کہیں کوئی وہ پتھر اٹھا نہ لے جائے اور شعر بھی کھو جائے چنانچہ واپس پلٹے، وہ وزنی پتھر کندھے پر اٹھایا اور اپنی قیام گاہ لے آئے، راستے میں کسی نے پوچھا کہ اتنا بڑا پتھر کہاں لیے جارہے ہیں تو بتایا کہ اس پر شعر لکھا ہے اس واقعے میں شاعر کے لیے اپنے تخلیقی لمحے کی اہمیت سامنے آتی ہے دوسروں کے لیے وہ پتھر تھا، ان کے لیے اس پر محفوظ شعر اہم تھا ان کی شخصیت کو یاد کرتے ہوئے یہ واقعات ان کے علمی تعارف سے الگ نہیں رہتے بلکہ اسے انسانی رنگ دیتے ہیں سمندر خان سمندر کا انتقال 17 جنوری 1990ء کو پشاور میں ہوا اور وہ بدرشی، نوشہرہ کینٹ میں سپردِ خاک ہوئے ان کی یاد میں 17 جنوری 2002ء کو ’’پاکستان کے شعرا‘‘ کے سلسلے میں 5 روپے مالیت کا یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا گیا یہ قومی اعتراف اپنی جگہ اہم ہے، لیکن کسی ادیب کو زندہ رکھنے کا اصل راستہ اس کی کتابوں کو پڑھنا، اس کے کام کو محفوظ کرنا اور اس کی شخصیت کو دیانت داری سے نئی نسل کے سامنے پیش کرنا ہے ان کی تصانیف کی مستند کتابیات، تراجم کے مطالعے اور ذاتی یادداشتوں کی یکجائی میں جامعات اور پشتو کے اہلِ قلم بامعنی کردار ادا کرسکتے ہیں میری یہ تحریر بھی اسی یادداشت کا ایک چھوٹا سا حصہ ہے،کہنے اور لکھنے کو بہت کچھ میرے ذہن میں موجود ہے گو کہ میں نے بچپن میں ان کا ادبی مرتبہ نہیں پہچانا تھا، مگر ان کی زندگی کے وہ منظر دیکھے تھے جو آج میرے لیے قیمتی اثاثہ ہیں۔ مجھے جب بھی اپنے آبائی گھر کا خیال آتا ہے تو ساتھ والا مکان خالی دکھائی نہیں دیتا بلکہ سردیوں کی دھوپ میں حاجی صاحب کاغذات پر جھکے لکھ رہے ہوتے ہیں، والدہ ان کے لیے کھانا تیار کررہی ہوتی ہیں، بڑے بھائی اسے پہنچانے جارہے ہوتے ہیں اور ہم بچے اپنی گیند سنبھال رہے ہوتے ہیں کہ کہیں گینڈ کھیلتے ہوئے حاجی صاحب کے صحن میں نا چلی جائے ،پھر یاد میں رات اترتی ہے اور دیوار پار سے ان کے کلام کی آواز آنے لگتی ہے، “درون پختون یم ، دورن پختون ، دورن دورن دورن “وقت بہت کچھ بدل چکا ہے، مگر میرے حافظے کے ان دو آنگنوں میں زندگی اب بھی اسی طرح جاری ہے حاجی صاحب کی روزمرہ زندگی، معمولات اور حالات و واقعات سے ہم پڑوسی ہونے کے ناتے جتنے واقف تھے، اتنے ان کے اپنے اہلِ خانہ بھی نہ تھے مگر اس دور میں ہم صرف اتنا جانتے تھے کہ ساتھ والے گھر میں حاجی صاحب رہتے ہیں یہ سمجھنے میں برسوں لگ گئے کہ اس ایک دیوار کے اُس پار کتنا گہرا اور وسیع سمندر آباد تھا، جیسے دنیا سمندر خان سمندر کے نام سے یاد کرتی ہے وہ ہمارے لئے اب بھی “حاجی صاحب “ ہیں







