کراچی: فوڈ ایگرو پاکستان 2026 کی نمائش میں پاکستان اور کینیا کے درمیان چاول کی برآمدات کا بڑا تجارتی معاہدہ طے پاگیا، جس کے تحت پاکستانی کمپنی آربی انٹرنیشنل کینیا کی کمپنی فانا انویسٹمنٹ کو 15 ہزار میٹرک ٹن چاول فراہم کرے گی۔
دونوں کمپنیوں کے درمیان ہونے والے معاہدے کی مالیت 75 لاکھ ڈالر ہے۔ اسے فوڈ ایگرو پاکستان 2026 کی نمائش کے دوران چاول کی برآمدات کا سب سے بڑا تجارتی معاہدہ قرار دیا گیا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے ایکسپو سینٹر میں مالدیپ کے وزیر سیاحت سے خصوصی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان براہ راست فضائی رابطوں اور اقتصادی تعاون کے وسیع تر لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سرمایہ کاری اور کاروباری شراکت داری کو فروغ دینے میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے کردار کو بھی سراہا گیا۔
فوڈ ایگرو پاکستان 2026 کی نمائش کو پاکستانی مصنوعات کی عالمی سطح پر تشہیر، بین الاقوامی تجارتی روابط کے فروغ اور ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم قرار دیا گیا ہے۔







