جے یو آئی کا فضل الرحمٰن کی نظر بندی کے خلاف کراچی میں احتجاج

 

کراچی: جمعیت علمائے اسلام نے مولانا فضل الرحمٰن کی نظر بندی اور پارٹی کارکنوں کی گرفتاریوں کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں رہنماؤں اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مظاہرے سے جے یو آئی کے مرکزی رہنما مولانا حمد اللہ، ضلع شرقی کے صدر مولانا غیاث، ضلع جنوبی کے صدر مولانا نور الحق، ضلع کیماڑی کے صدر فخر الحسن، ضلع غربی کے صدر مفتی محمد خالد، مولانا سمیع سواتی اور مفتی محمد لئیق سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔

مقررین نے مطالبہ کیا کہ مولانا فضل الرحمٰن اور مفتی اسعد محمود کو دوبارہ سیکیورٹی فراہم کی جائے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ کی ڈرون کے ذریعے نگرانی، ان کے خلاف کردار کشی اور مبینہ من گھڑت الزامات کی بھی مذمت کی۔

رہنماؤں نے مفتی اویس عزیز، قاری افتخار احمد اور دیگر کارکنوں کی گرفتاریوں پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی عہدیداروں اور ذمہ داران کو غیر قانونی نوٹسز جاری کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ سندھ کی تقسیم سے متعلق سازشیں کسی صورت قبول نہیں، جبکہ صوبے میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بدامنی، لاقانونیت اور عوام کے عدم تحفظ کے خلاف بھی آواز اٹھائی جارہی ہے۔

انہوں نے پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر پارٹی کارکنوں کی گرفتاریوں اور ان کے خلاف درج مقدمات کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تمام گرفتار افراد کو فوری رہا کیا جائے اور کارکنوں کے خلاف درج ایف آئی آرز واپس لی جائیں۔

مظاہرے کے شرکا نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ایک امن پسند سیاسی جماعت ہے اور وہ انتقامی کارروائیوں کے خاتمے کے ساتھ جمہوریت اور پارلیمان کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی اپنی پُرامن سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔

مقررین نے دعویٰ کیا کہ احتجاج کے ذریعے حکمرانوں کو عوامی ردعمل سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ ان کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن پہلے ایسے قائد ہیں جنہوں نے کارکنوں کی رہائی کے لیے خود گرفتاری دینے کا اعلان کیا۔

رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر انتقامی کارروائیاں بند نہ کی گئیں تو عوامی سطح پر پُرامن احتجاج کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed