سابق وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے سیاسی جماعتوں کو خبردار کیا جب ہمیں دیوار سے لگایا گیا تو سب چپ رہے، ان کی بھی باری آئے گی،عمران خان ہی ہمارے لیڈر ہیں، عوامی مینڈیٹ اور نمائندگی کا احترام ضروری ہے۔ علی امین گنڈاپور نے عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان تحریک انصاف ہمیشہ قانون کی بالادستی کی بات کرتی ہے، ملک میں حقیقی ترقی اسی وقت ممکن ہوگی جب قانون پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی، بشری بی بی اور دیگر قیدیوں کو جیل میں قانون کے مطابق تمام بنیادی سہولیات ملنی چاہئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی سمیت ملک کو درپیش دیگر سنگین چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عوام کا اعتماد حاصل کرنا انتہائی ضروری ہے۔سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے سابق وزیراعلی نے دیگر سیاسی جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب ہماری جماعت کو دیوار سے لگایا جا رہا تھا تو سب خاموش رہے، لیکن باقی جماعتیں بھی سن لیں کہ آئندہ ان کی بھی باری آئے گی۔ سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مولانا کی حکومت پر دبا ئوڈالنے سے متعلق ایک پرانی تاریخ رہی ہے اور مجھے لگتا ہے کہ وہ اب بھی اسی حکمتِ عملی کے تحت کام کر رہے ہیں۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان کو آگے بڑھانے کیلئے ضروری ہے کہ عوامی مینڈیٹ اور عوامی نمائندگی کا احترام کیا جائے، بانی پی ٹی آئی عمران خان ہی ان کے لیڈر ہیں اور پارلیمانی پارٹی کا موقف ہے کہ تمام اہم فیصلوں میں ان کی نمائندگی ہونی چاہیے۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ان کے وزیراعلی آج بھی سہیل آفریدی ہیں، اگرچہ وہ اس وقت غیر فعال ضرور ہیں لیکن وزیراعلی وہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی کی پارلیمانی قیادت اور عوامی مینڈیٹ کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ دوسری جانب علی امین گنڈاپور کے خلاف آڈیو لیک کیس میں عدالت نے سابق وزیراعلی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دئیے ہیں۔ کیس کی سماعت کے دوران عدالت کی جانب سے وارنٹ گرفتاری منسوخ کیے جانے کے بعد مزید کارروائی کے لئے سماعت 20 جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔







