لیبیا کشتی حادثے میں باجوڑ کے 35 افراد سمیت 70 لاپتا

 

باجوڑ: لیبیا میں غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے تارکین وطن کی کشتی کو حادثہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں کشتی میں سوار تمام 70 افراد لاپتا ہوگئے ہیں۔ لاپتا افراد میں خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ سے تعلق رکھنے والے 35 افراد بھی شامل ہیں۔

حادثے کے بعد باجوڑ میں متاثرہ خاندان اپنے پیاروں کی واپسی کے منتظر ہیں۔ اہل خانہ کے مطابق انہیں واقعے کی اطلاع انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹ کے ذریعے ملی، جس نے گزشتہ روز بتایا کہ کشتی کو 21 نومبر کو لیبیا کے سمندر میں حادثہ پیش آیا تھا۔

متاثرہ خاندانوں کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد سے سمندر سے کسی بھی مسافر کی لاش برآمد نہیں ہوسکی، جبکہ لاپتا افراد کے بارے میں بھی تاحال کوئی معلومات سامنے نہیں آئیں۔

دوسری جانب باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقے نختر میں حادثے کا شکار ہونے والے چھ افراد کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کردی گئی۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خان زیب مہمند نے کہا ہے کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان کے مطابق غیر قانونی طریقوں سے لوگوں کو یورپی ممالک بھیجنے والے ایجنٹس کا ڈیٹا جمع کیا جا رہا ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے بھی لیبیا کشتی حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے نوجوان روزگار کے مواقع نہ ہونے کے باعث سمندروں میں اپنی جانیں گنوا رہے ہیں۔

ایمل ولی خان کے مطابق بدامنی، بے روزگاری اور معاشی مشکلات نے نوجوانوں کو ملک چھوڑنے پر مجبور کردیا ہے، جبکہ انہیں اپنے وطن میں باعزت روزگار اور بہتر مستقبل کے مواقع میسر نہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو بے نقاب کرکے گرفتار کیا جائے اور ذمہ داروں کو سخت سزائیں دی جائیں۔

ایمل ولی خان نے مزید مطالبہ کیا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی میتیں فوری طور پر پاکستان منتقل کی جائیں اور لاپتا افراد کی تلاش کے لیے لیبیا کے حکام سے مؤثر رابطے کیے جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed