سینٹر فار ایرو اسپیس اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز (CASS) نے افغانستان کے بدلتے سیاسی، سکیورٹی اور معاشی حالات سے نمٹنے کے لیے جامع اور پائیدار حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔سی اے ایس ایس کی جانب سے 17 نومبر کو افغانستان، ایک دہائی بعد: استحکام، انتشار یا تزویراتی ازسرنو سمت؟ پاکستان اور خطے کے لیے مضمرات کے عنوان سے کیٹالسٹ کنورسیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں افغانستان کی موجودہ صورتحال، آئندہ دہائی کے ممکنہ منظرناموں اور پاکستان و خطے پر ان کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔سینٹر فار ایرو اسپیس اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز کے مطابق اجلاس کی میزبانی ایئر وائس مارشل (ر) خاور حسین نے کی۔ انہوں نے اگست 2021 میں طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان کی توقعات اور بعد ازاں دونوں ممالک کے تعلقات میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے درمیان فرق کو اجاگر کیا۔انہوں نے بالخصوص تحریک طالبان پاکستان (TTP) سے لاحق سکیورٹی خطرات کا ذکر کرتے ہوئے افغانستان کے حوالے سے سفارتی، سکیورٹی اور علاقائی پالیسی ردعمل کو وسیع تر تزویراتی تناظر میں دیکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔تقریب کی کلیدی مقررہ، انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد (ISSI) میں سینٹر فار افغانستان، مڈل ایسٹ اینڈ افریقہ (CAMEA) کی ڈائریکٹر ڈاکٹر آمنہ خان نے افغانستان کی داخلی سیاسی و سکیورٹی صورتحال اور علاقائی تعلقات کا جائزہ پیش کیا۔ان کے مطابق طالبان حکومت نے بعض معاملات میں عملی رویہ اپنایا ہے اور داخلی نظم و نسق، عوامی خدمات، زرعی اور معاشی اصلاحات کو ترجیح دی ہے، تاہم انسانی حقوق اور خواتین کے حقوق کے حوالے سے اہم مسائل بدستور موجود ہیں۔ڈاکٹر آمنہ خان نے پاکستان کی افغانستان پالیسی میں موجود بعض خلا کی نشاندہی کرتے ہوئے سکیورٹی اور معاشی تعاون سمیت زیر التوا معاملات کے حل کے لیے جامع دوطرفہ فریم ورک کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے دوحہ معاہدے کو محض دوطرفہ انتظام کے بجائے بین الاقوامی سطح پر قابلِ عمل عہد کے طور پر دیکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، خصوصا افغانستان کی سرزمین کو دیگر ممالک کے خلاف دہشت گرد سرگرمیوں کے لیے استعمال نہ ہونے دینے سے متعلق طالبان کی یقین دہانی کے تناظر میں۔انہوں نے ایران اور بھارت کی افغانستان کے ساتھ روابط کی مثال دیتے ہوئے مسلسل سفارتی رابطے کی اہمیت اجاگر کی اور کہا کہ ریاستوں کو مختلف سیاسی نظریات رکھنے والے ہمسایہ ممالک کے ساتھ بقائے باہمی کے راستے تلاش کرنا ہوں گے، کیونکہ صرف طاقت کے استعمال پر انحصار پائیدار حل فراہم نہیں کرسکتا۔اختتامی کلمات میں صدر CASS ایئر مارشل (ر) جاوید احمد نے افغانستان کے بدلتے سیاسی اور سکیورٹی منظرنامے کو مدنظر رکھتے ہوئے مسلسل سفارتی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے ان معاملات پر فکری و علمی مباحث جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ CASS اہم قومی و عالمی سکیورٹی چیلنجز پر آزاد اور معتبر مکالمے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے







