شعیب جمیل
گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر قانون، محنت و صوبائی رابطہ بیرسٹر عامر جاوید نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں آرٹیکل 234 کے تحت گورنر راج اور ایمرجنسی کا نفاذ غیر قانونی نہیں، گزشتہ 45 دنوں کے دوران جو کچھ ہوا وہ آئین کے مطابق ہوا ہے۔ صوبائی حکومت نے قانونی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے، سرکاری مقدمات کی موثر پیروی اور انسانی حقوق کے اداروں کو ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں، تاہم ان پر ایک پیسہ بھی خرچ کئے بغیر یہ اہداف مکمل کئے گئے ۔ ۔ انہوں نے بتایا کہ اس عرصے میں 6760 مقدمات دائر کیے گئے، 1402 مقدمات کے فیصلے ہوئے، خواتین کو وراثتی حقوق کے تحت 27 کروڑ روپے مالیت کی جائیداد واپس دلائی گئی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے متعدد نئے اقدامات متعارف کرائے گئے۔محکمہ قانون اور اس کے ماتحت اداروں کی 45 روزہ کارکردگی کے حوالے سے گزشتہ روز میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے عامر جاوید نے کہا کہ حکومت اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے، عوامی شکایات کے فوری ازالے اور احتساب کے مثر نظام کے قیام کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ بریفنگ میں ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا، ڈائریکٹر جنرل لا و ہیومن رائٹس، ڈائریکٹر جنرل محتسب اور صوبائی محتسب برائے تحفظ خواتین برخلاف ہراسانی نے بھی شرکت کی اور اپنے اپنے اداروں کی کارکردگی اور اصلاحاتی اقدامات سے آگاہ کیا۔عامر جاوید نے بتایا کہ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران بنائے گئے قوانین کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ 14 ایسے قوانین کی جانچ جاری ہے جن کے بارے میں یہ خدشات سامنے آئے ہیں کہ انہیں مخصوص افراد کے مفادات کے لیے بنایا گیا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ عمل آئینی حدود کے اندر جاری ہے اور اس کا مقصد کسی ادارے کو ختم کرنا نہیں بلکہ موجودہ نظام کو مزید مثر بنانا ہے۔ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا نے بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ 45 روز کے دوران 6760 مقدمات دائر کیے گئے جبکہ 1402 مقدمات کے فیصلے ہوئے۔ اس دوران ڈیجیٹل کیس مینجمنٹ سسٹم بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس سے مقدمات کی نگرانی، لا آفیسرز اور پبلک پراسیکیوٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور احتساب کے نظام کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ ان کے مطابق یہ نظام صوبائی خزانے پر کسی اضافی مالی بوجھ کے بغیر متعارف کرایا گیا ہے۔انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے اہم اقداماتڈائریکٹر جنرل لا و ہیومن رائٹس نے بتایا کہ 11 نومبر کو انٹیگریٹڈ ہیومن رائٹس پورٹل کا آغاز کیا گیا، جس کے ذریعے 13 انسانی حقوق کے اداروں کو ڈیجیٹل طور پر منسلک کیا گیا ہے۔ صوبے کے تمام 37 اضلاع میں شکایت بکس نصب کیے گئے ہیں اور ہر ضلع میں فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق شکایات درج کرانے میں سہولت حاصل ہو۔انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے دفاتر میں انسانی حقوق سے متعلق آگاہی بینرز بھی آویزاں کیے گئے ہیں، جبکہ 197 انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرکے ان کی پیروی کی گئی۔ یورپی یونین کے جی ایس پی پلس رپورٹنگ کے لیے ای پورٹل قائم کیا گیا ہے، جبکہ 3296 سول مقدمات کا جائزہ لیا گیا جن میں سے 400 سے زائد مقدمات کو تفصیلی جانچ اور آڈٹ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے ماحولیاتی انصاف، خواتین کے حقوق، امن و سلامتی، اندرون ملک بے گھر افراد اور بچوں کے حقوق سے متعلق استعداد کار بڑھانے کی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔محتسب کے دفاتر اور شکایات کا ڈیجیٹل نظامبریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبائی محتسب کے شکایات درج کرنے کے نظام کو ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے، جبکہ عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کے لیے مزید چار ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں دفاتر قائم کیے جا رہے ہیں۔ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے اوپن کچہریوں کا انعقاد بھی جاری ہے۔اس کے علاوہ محتسب کے بعض اختیارات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز (ریلیف و ہیومن رائٹس) کو تفویض کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جس کا مقصد ضلعی سطح پر شکایات کے ازالے کے نظام کو مزید مثر بنانا ہے۔خواتین کو 27 کروڑ روپے کی جائیداد واپسصوبائی محتسب برائے تحفظ خواتین برخلاف ہراسانی نے بتایا کہ گزشتہ 45 روز کے دوران 3200 سماعتیں کی گئیں، جبکہ وراثتی حقوق کے مقدمات میں مستحق خواتین کو 27 کروڑ روپے مالیت کی جائیداد واپس دلائی گئی۔انہوں نے بتایا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ اور وراثتی تنازعات کے حل کے لیے تمام اضلاع اور ڈویژنوں میں اوپن کچہریاں منعقد کی جا رہی ہیں۔ جن علاقوں میں باقاعدہ لینڈ ریکارڈ موجود نہیں، وہاں وراثتی معاملات کے حل کے لیے کمیشن بھیجے جا رہے ہیں تاکہ خواتین کو ان کے قانونی حقوق دلانے میں درپیش مشکلات دور کی جا سکیں۔عوام کو ضلعی سطح پر فوری انصاف کی فراہمی ترجیح ہیعامر جاوید نے کہا کہ تمام اصلاحات کا مقصد اداروں کو مضبوط بنانا، شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانا اور سرکاری خدمات کو عوام کے قریب لانا ہے تاکہ شہریوں کو غیر ضروری مشکلات کے بغیر ضلعی اور ڈویژنل سطح پر بروقت ریلیف اور انصاف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ محکمہ قانون اور اس کے ماتحت اداروں کی جانب سے متعارف کرائے گئے تمام اقدامات صوبائی خزانے سے ایک پیسہ بھی خرچ کیے بغیر مکمل کیے گئے ہیں، جو ادارہ جاتی اصلاحات اور عوامی خدمت کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے







