**(ویب ڈیسک)** ہالی ووڈ کے معروف اداکار ول اسمتھ اور ان کی اہلیہ جیڈا پنکٹ اسمتھ کی امریکی ریاست کیلیفورنیا میں واقع رہائش گاہ میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ گھر کی مالیت 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالر بتائی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کی شب لاس اینجلس کے متعلقہ اداروں کو گھر میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد فائر بریگیڈ اور پولیس اہلکار فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئے۔
حکام کے مطابق آگ رہائش گاہ کے احاطے میں سامان رکھنے کے لیے تعمیر کیے گئے ایک شیڈ میں لگی تھی۔
امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کی، تاہم واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ یہ بھی واضح نہیں ہوسکا کہ آتشزدگی کے وقت ول اسمتھ اور ان کی اہلیہ گھر میں موجود تھے یا نہیں۔
حکام نے آگ لگنے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب اداکار کی اس رہائش گاہ میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہو۔ اس سے قبل 2021 میں بھی اسی گھر میں آگ لگنے کی اطلاع سامنے آئی تھی۔







