پاکستان کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں آسٹریلوی بال ٹیمپرنگ منصوبے کا انکشاف

آسٹریلوی کرکٹ میں بال ٹیمپرنگ کا تنازع ایک مرتبہ پھر منظر عام پر آ گیا ہے۔ ایک حالیہ تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کیپ ٹاؤن کے بدنام زمانہ سینڈ پیپر اسکینڈل کے محض چھ ماہ بعد، اکتوبر 2018 میں پاکستان کے خلاف کھیلے گئے دبئی ٹیسٹ میچ میں بھی آسٹریلوی کھلاڑیوں نے مبینہ طور پر گیند کی شکل بگاڑنے کی منصوبہ بندی کی تھی۔

رپورٹ کے مطابق دبئی ٹیسٹ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑیوں نے آپس میں مشاورت کرتے ہوئے منٹس کے ذریعے گیند کی حالت تبدیل کرنے کی مبینہ تجویز دی۔ اس موقع پر ٹیم میں شامل ایک نئے کھلاڑی نے اس منصوبے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے سوال کیا کہ کیا وہ دوبارہ وہی حرکت کرنے جا رہے ہیں؟

تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ میچ کے دوران مبینہ طور پر ایک متبادل فیلڈر کو منٹس لانے کے لیے ڈریسنگ روم بھیجا گیا تھا، تاہم اس وقت کے آسٹریلوی کپتان ٹم پین نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے متبادل فیلڈر کو واپس بھیج دیا۔

اس مبینہ اقدام کا علم ہونے پر سابق آسٹریلوی ہیڈ کوچ جسٹن لینگر نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور کھلاڑیوں کو سخت پیغام دیا، جس پر کپتان ٹم پین نے سپورٹ اسٹاف کو یقین دہانی کرائی کہ ان کی قیادت میں منٹس کا استعمال کر کے گیند کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کی جائے گی۔

واضح رہے کہ کیپ ٹاؤن اسکینڈل کے بعد آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے کھلاڑیوں کے میدان میں ٹافیاں لے جانے پر بھی پابندی عائد کر دی تھی۔ نئی تحقیقاتی رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹ میں سینڈ پیپر کے استعمال کے بغیر بھی بال ٹیمپرنگ کا رجحان موجود رہا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ اکتوبر 2018 میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والا یہ دبئی ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے برابری پر ختم ہوا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed