جنوبی افریقا کے سابق مایہ ناز بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز نے 2018ء میں آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق نیا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کا آغاز دورۂ جنوبی افریقا کے پہلے ٹیسٹ میچ سے ہی ہوگیا تھا۔
اے بی ڈی ویلیئرز نے اپنے یوٹیوب چینل پر شیئر کی گئی پوسٹ میں کہا کہ آسٹریلوی ٹیم نے ڈربن میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے دوران ہی گیند کی حالت تبدیل کرنے کی کوششیں شروع کردی تھیں۔ یہ معاملہ بعد ازاں کیپ ٹاؤن میں تیسرے ٹیسٹ کے دوران سامنے آیا، جب کیمرون بینکرافٹ کو سینڈ پیپر استعمال کرتے ہوئے پکڑا گیا۔
سابق جنوبی افریقی کھلاڑی کے مطابق آسٹریلوی بولرز اس اسکینڈل میں ملوث ہونے سے انکار کرتے رہے ہیں، تاہم ان کے خیال میں انہیں ٹیم کے اندر ہونے والی سرگرمیوں کا علم ضرور تھا۔
یہ بیان کیمرون بینکرافٹ کے حالیہ مضمون کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ سینڈ پیپر کا استعمال پہلی مرتبہ پورٹ الزبتھ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران کیا گیا تھا۔
اے بی ڈی ویلیئرز نے بینکرافٹ کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بال ٹیمپرنگ کا آغاز پورٹ الزبتھ کے بجائے ڈربن میں ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے میچ کی ویڈیوز دیکھی جاسکتی ہیں اور انہیں اپنے مؤقف پر کوئی شک نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقی ٹیم ڈربن میں پہلا ٹیسٹ ہار گئی تھی اور اس میچ کے دوران گیند غیر معمولی وقت پر ریورس سوئنگ ہونے لگی تھی۔ ڈی ویلیئرز کے مطابق کنگزمیڈ کے میدان میں کوئی بھی بولر اتنی جلدی گیند کو ریورس سوئنگ نہیں کروا سکتا تھا، کیونکہ وہ وہاں کافی کرکٹ کھیل چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلوی کھلاڑیوں نے گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے لیے سینڈ پیپر استعمال کیا یا ناخن، اس سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ وہ پکڑے گئے تھے اور سب کو اس معاملے کا علم تھا۔
اے بی ڈی ویلیئرز نے آسٹریلوی کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ اپنی غلطی تسلیم کریں۔ ان کے مطابق معاملہ اس لیے مزید سنگین ہوگیا کیونکہ متعلقہ کھلاڑیوں نے اس حوالے سے جھوٹ بولا۔
واضح رہے کہ 2018ء کی جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے دوران بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سامنے آیا تھا۔ کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں کیمرون بینکرافٹ کو سینڈ پیپر کے ذریعے گیند کی حالت تبدیل کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا، جس کے بعد کپتان اسٹیو اسمتھ، نائب کپتان ڈیوڈ وارنر اور بینکرافٹ پر پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔
آٹھ سال پرانے اس واقعے پر آسٹریلیا میں رواں ماہ دوبارہ بحث شروع ہوئی، جب عثمان خواجہ نے دعویٰ کیا کہ پوری ٹیم کو گیند کی حرکت تبدیل کرنے کی سازش کا علم تھا۔ اے بی ڈی ویلیئرز بھی اس تنازع سے متعلق ڈربن ٹیسٹ کے دوران پیش آنے والے واقعات کا حصہ رہے تھے۔







