خیبر پختونخوا میں امن و امان کے قیام، سیاسی استحکام، عوامی مسائل کے حل اور صحت و زراعت کے شعبوں کی بہتری کے لیے وفاقی و صوبائی حکومت اور سیاسی جماعتوں کے درمیان مشترکہ حکمتِ عملی پر زور دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاکستان مسلم لیگ (ق) خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر انتخاب خان چمکنی کی رہائش گاہ کا دورہ کیا۔ ان کی آمد پر انتخاب خان چمکنی، صوبائی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری بلال محمدزئی، ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالباسط اور سینئر رہنما ریاض خان نے ان کا گرمجوشانہ استقبال کیا۔ملاقات کے دوران صوبے کی مجموعی صورتحال، امن و امان، صحت و زراعت کی سہولیات، کسانوں کے مسائل اور عوامی فلاح و بہبود کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر انتخاب خان چمکنی نے کہا کہ ق لیگ وفاق کی اہم اتحادی جماعت ہے اور صوبے میں عوامی مفاد کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خیبر پختونخوا کو درپیش سیاسی، معاشی اور انتظامی چیلنجز پر قابو پانے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو اختلافات سے بالاتر ہو کر پائیدار امن، دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کی بہتری کے لیے اکٹھا ہونا پڑے گا۔







