برطانیہ اور آسٹریلیا کی اسرائیل پر پابندیاں، پاکستان کا خیرمقدم

پاکستان سمیت 16 ممالک نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی اسرائیلی آبادکاری سے متعلق سرگرمیوں پر برطانیہ اور آسٹریلیا کی جانب سے پابندیاں عائد کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق برطانیہ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی تعمیر اور توسیع میں ملوث 8 اسرائیلی کمپنیوں کے علاوہ غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنے والے ایک اسرائیلی گروپ پر پابندیاں عائد کی تھیں۔

اسی طرح آسٹریلیا نے بھی مغربی کنارے میں غیر قانونی آبادکاری اور فلسطینیوں کے خلاف تشدد میں کردار ادا کرنے والے 3 اسرائیلی افراد اور 4 تنظیموں کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔

اس حوالے سے پاکستان، کویت، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ترکیہ، الجزائر، سعودی عرب، صومالیہ، عمان، فلسطین، قطر، لیبیا، مالدیپ، مصر اور نائجر کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا۔

اعلامیے میں برطانیہ اور آسٹریلیا کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ غیر قانونی آبادکاری میں ملوث اداروں اور افراد کا احتساب یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی سطح پر اقدامات کی حمایت کی جاتی ہے۔

وزرائے خارجہ نے مؤقف اختیار کیا کہ اسرائیل کے ’ای ون‘ آبادکاری منصوبے کے علاوہ الحاق اور یہودی بستیوں کی توسیع کی پالیسیوں کی حمایت، ان پر عمل درآمد یا انہیں ممکن بنانے والے عناصر کو بھی پابندیوں کا سامنا کرنا چاہیے۔

مشترکہ بیان میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی آبادکاری کی پالیسیوں، بالخصوص ای ون منصوبے اور مشرقی بیت المقدس میں بستیوں کی تعمیر کی شدید مذمت کی گئی۔

اعلامیے میں امید ظاہر کی گئی کہ برطانیہ اور آسٹریلیا کے حالیہ اقدامات کے بعد مزید ممالک بھی اسی نوعیت کی پابندیاں عائد کریں گے۔

وزرائے خارجہ نے کہا کہ یہ اقدامات بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہیں، جن میں سلامتی کونسل کی قرارداد 2334 بھی شامل ہے۔

انہوں نے عالمی عدالت انصاف کی 19 جولائی 2024 کی مشاورتی رائے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تمام ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسرائیلی قبضے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال کو قانونی حیثیت نہ دیں اور اسے برقرار رکھنے میں معاونت سے گریز کریں۔

مشترکہ اعلامیے میں اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی جغرافیائی اور آبادیاتی حیثیت تبدیل کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات فوری طور پر واپس لے۔

وزرائے خارجہ نے غزہ میں اسرائیلی فوج کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ میں تنازع ختم کرنے کے جامع منصوبے پر فوری اور مکمل عمل درآمد پر زور دیا۔

ان کے مطابق منصوبے کا مقصد خطے میں سلامتی اور استحکام کو یقینی بنانا، انسانی صورتحال بہتر کرنا، تعمیر نو اور بحالی کے عمل میں مدد فراہم کرنا اور پائیدار امن کی راہ ہموار کرنا ہے۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ غزہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کا لازمی حصہ ہے۔

وزرائے خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خطے میں منصفانہ اور پائیدار امن کے قیام کا قابل عمل راستہ دو ریاستی حل ہے۔ اس کے تحت 4 جون 1967 کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد، خودمختار اور جغرافیائی طور پر مربوط فلسطینی ریاست قائم کی جائے، جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔

برطانیہ نے 8 اسرائیلی کمپنیوں اور امدادی گروپ پر پابندیاں عائد کیں

برطانوی حکومت نے منگل کو مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی تعمیر اور توسیع میں ملوث 8 اسرائیلی تعمیراتی کمپنیوں کے خلاف پابندیوں کا اعلان کیا تھا۔

رائٹرز کے مطابق ان پابندیوں کے تحت متعلقہ کمپنیوں کے اثاثے منجمد کرنے اور ان کے ڈائریکٹرز کو برطانیہ میں کسی کمپنی کا ڈائریکٹر بننے سے نااہل قرار دینے کے اقدامات شامل تھے۔

پابندیوں کی زد میں آنے والی کمپنیوں میں ہار ہیبرون ڈویلپمنٹ کمپنی، ہیمدات شومرون اور ایس اے جی (ویلویل) کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ بھی شامل تھیں، جو مغربی کنارے میں مکانات کی تعمیر اور ترقیاتی منصوبوں سے وابستہ ہیں۔

برطانیہ نے اسرائیلی گروپ ’زاو 9‘ پر بھی پابندیاں عائد کی تھیں۔ برطانوی حکومت کے مطابق یہ گروپ غزہ جانے والے امدادی ٹرکوں کو روکنے میں ملوث تھا، جن کے ذریعے خوراک، پانی اور ایندھن پہنچایا جاتا ہے۔

برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے اسرائیل کے ای ون منصوبے کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا تھا کہ اس منصوبے میں سرمایہ کاری، تعمیراتی سرگرمیوں اور اس سے منافع کمانے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

آسٹریلیا نے 3 اسرائیلی افراد اور 4 تنظیموں کو نشانہ بنایا

دوسری جانب آسٹریلیا نے بدھ کو مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی آبادکاری کے فروغ اور فلسطینیوں کے خلاف آبادکاروں کے تشدد میں کردار ادا کرنے والے 3 اسرائیلی افراد اور 4 تنظیموں پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

رائٹرز کے مطابق پابندیوں کی فہرست میں آبادکاری کی تنظیم ’ناچالا‘ کی سربراہ ڈینیئلا ویس اور ایک تعمیراتی کمپنی کے مالک ایلیا لیبی بھی شامل تھے۔

آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وونگ کا کہنا تھا کہ نامزد افراد اور تنظیموں نے نئی یہودی بستیوں کی منصوبہ بندی اور قیام، مالی وسائل جمع کرنے، رضاکاروں کی بھرتی اور پرتشدد آبادکاروں کی معاونت میں کردار ادا کیا۔

ان پابندیوں کے تحت آسٹریلوی شہریوں اور کاروباری اداروں کو نامزد افراد اور تنظیموں کے ساتھ مالی لین دین کرنے یا انہیں کسی قسم کی معاونت فراہم کرنے سے روک دیا گیا تھا۔

مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی تعمیر کا پس منظر

واضح رہے کہ اسرائیل نے 1967 کی مشرق وسطیٰ کی جنگ کے دوران مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس پر قبضہ کیا تھا، جس کے بعد ان علاقوں میں یہودی آبادکاروں کے لیے رہائشی بستیاں تعمیر کرنے کا سلسلہ شروع ہوا۔

رائٹرز کے مطابق اس وقت تقریباً 7 لاکھ اسرائیلی آبادکار مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس میں 27 لاکھ فلسطینیوں کے درمیان رہائش پذیر ہیں۔

اقوام متحدہ اور بیشتر ممالک ان یہودی بستیوں کو بین الاقوامی قانون کے خلاف قرار دیتے ہیں، تاہم اسرائیل اس مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے ان علاقوں پر اپنے تاریخی اور سکیورٹی سے متعلق دعوے پیش کرتا ہے۔

مغربی کنارے میں بستیوں کی مسلسل توسیع کو فلسطینی ریاست کے قیام میں ایک بڑی رکاوٹ سمجھا جاتا ہے، کیونکہ اس سے فلسطینی علاقوں کے درمیان زمینی رابطہ متاثر ہوتا ہے۔

1993 کے اوسلو معاہدوں میں مغربی کنارے، مشرقی بیت المقدس اور غزہ پر مشتمل آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی راہ ہموار کرنے کا تصور پیش کیا گیا تھا، تاہم آبادکاری کی سرگرمیوں میں مسلسل اضافے سے دو ریاستی حل کے امکانات متاثر ہو رہے ہیں۔

ای ون آبادکاری منصوبہ کیا ہے؟

اسرائیل کا ای ون آبادکاری منصوبہ مشرقی بیت المقدس کے قریب 3 ہزار 401 مکانات کی تعمیر پر مشتمل ہے۔

اس منصوبے پر عمل درآمد سے مغربی کنارے کے شمالی اور جنوبی حصوں کے درمیان زمینی رابطہ منقطع ہونے اور مشرقی بیت المقدس کا فلسطینی علاقوں سے رابطہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

اسی بنیاد پر فلسطینی قیادت اور متعدد ممالک اس منصوبے کی مخالفت کرتے ہیں، کیونکہ ان کے نزدیک اس سے ایک آزاد اور جغرافیائی طور پر مربوط فلسطینی ریاست کے قیام کی راہ مزید مشکل ہو جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed