پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے ترجمان شوکت یوسفزئی نے اعتراف کیا ہے کہ پارٹی کے پاس لانگ مارچ کے حوالے سے نہ کوئی حکمت عملی تھی اور نہ ہی کوئی واضح منصوبہ موجود تھا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ بدقسمتی سے لانگ مارچ کے لیے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی تھی۔ انہیں مسلسل بتایا جاتا رہا کہ پلان آرہا ہے اور اس حوالے سے حکمت عملی کسی اور کے پاس ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بھی کہا گیا تھا کہ اگر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی گرفتار ہوگئے تو کوئی دوسرا رہنما منصوبہ سامنے لائے گا، تاہم جب جنید اکبر، اسپیکر اور سہیل آفریدی گرفتار ہوئے تو وہ منصوبے کا انتظار ہی کرتے رہے۔
شوکت یوسفزئی نے بتایا کہ انہوں نے 24 ستمبر کو ایک خط لکھا تھا، جس کے بعد 25 ستمبر کو اجلاس بھی طلب کیا گیا۔ اس اجلاس میں سہیل آفریدی، بیرسٹر گوہر، اسد قیصر، جنید اکبر اور سلمان اکرم راجہ سمیت دیگر رہنما شریک تھے۔
پی ٹی آئی ترجمان کے مطابق اجلاس میں انہوں نے تجویز دی تھی کہ ایپکس کمیٹی کا اجلاس بھی بلایا جانا چاہیے اور فی الحال لانگ مارچ ملتوی کردیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی رائے تھی کہ لانگ مارچ کی کوئی نئی تاریخ دینے کے بجائے حکومت سے مذاکرات کیے جائیں اور واضح کیا جائے کہ اگر حکومت مطالبات تسلیم نہیں کرتی تو دوبارہ لانگ مارچ کی کال دی جائے گی۔
شوکت یوسفزئی کے مطابق ان کی اس تجویز پر سہیل آفریدی، شفیع جان اور دیگر رہنماؤں نے مؤقف اختیار کیا کہ لانگ مارچ ہر صورت میں کرنا ہے۔







