ویڈیو گیم گرینڈ تھیفٹ آٹو 6 (GTA 6) اپنے متنازع مناظر کے باعث سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہے، جہاں متعدد صارفین نے گیم میں تشدد، جرائم اور جنسی مواد کی عکاسی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، جبکہ بعض صارفین اس کے دفاع میں بھی سامنے آئے ہیں۔
بھارتی یوٹیوبر اور ایکٹوسٹ دھروو راٹھی نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر ایک صارف کی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے بچوں کو اس گیم سے سختی سے دور رکھیں۔
دھروو راٹھی کے مطابق گیم میں تشدد اور سفاکیت کے مناظر کو جس انداز میں پیش کیا گیا ہے، اسے معمولی نہیں سمجھنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا مواد معاشرے میں نفسیاتی مسائل کے شکار افراد کی تعداد بڑھانے، بے رحمانہ تشدد کو معمول بنانے اور خواتین کو محض ایک شے کے طور پر دکھانے کا سبب بن سکتا ہے۔
انہوں نے جس پوسٹ کو شیئر کیا، وہ جوز نامی ایک صارف کی جانب سے کی گئی تھی۔ جوز نے جی ٹی اے 6 کی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں ایک شخص خاتون پر حملہ کرتا، اسے تھپڑ مارتا اور بعد ازاں پستول سے اس کے چہرے پر فائرنگ کردیتا ہے، جس کے نتیجے میں خاتون ہلاک ہوجاتی ہے۔
جوز کا کہنا تھا کہ ویڈیو گیمز میں بعض ایسے مناظر بھی ہوتے ہیں جن سے وہ اتفاق نہیں کرتے اور جی ٹی اے 6 کا یہ منظر بھی انہی میں شامل ہے۔
دوسری جانب ایکس پر اس ویڈیو کے ساتھ کمیونٹی نوٹس کے ذریعے وضاحت بھی پیش کی گئی۔ اس کے مطابق جی ٹی اے ایک اوپن ورلڈ گیم ہے، جس میں کھلاڑیوں کو اپنی مرضی سے فیصلے کرنے اور مختلف سرگرمیوں میں حصہ لینے کی آزادی حاصل ہوتی ہے، تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ گیم انہیں جرائم یا تشدد کی ترغیب دیتی ہے۔
کمیونٹی نوٹس میں مزید وضاحت کی گئی کہ گیم کھلاڑیوں کے اقدامات کے مطابق ردعمل ظاہر کرتی ہے۔ اگر کوئی کھلاڑی پُرتشدد سرگرمیوں میں ملوث ہوتا ہے تو اسے ان کے نتائج کا سامنا کرنا پڑتا ہے، پولیس اس کا تعاقب کرتی ہے اور اس کی ساکھ بھی متاثر ہوتی ہے۔
جنسی مناظر پر بھی صارفین کے تحفظات
جی ٹی اے 6 کے جنسی نوعیت کے مناظر بھی سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی زد میں ہیں۔
تاج الدین نامی ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ گیم شاید ایک نئی فحش ویب سائٹ بننے جا رہی ہے۔ ان کے مطابق معروف اسٹریمر کائی سینیٹ نے گیم میں جیسن اور لوسیا کے درمیان ایک نجی نوعیت کا منظر دیکھا تو حیران رہ گئے اور اپنا ردعمل قابو میں نہ رکھ سکے۔
صارف نے مطالبہ کیا کہ اس گیم کو صرف 18 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد تک محدود رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے راک اسٹار گیمز کے اسٹوڈیو میں تیار کیے جانے والے مواد پر بھی سوالات اٹھائے۔
واضح رہے کہ راک اسٹار گیمز کی تیار کردہ جی ٹی اے 6 کو مختلف ممالک میں عمر کی بنیاد پر الگ الگ درجہ بندی دی گئی ہے۔ گیمنگ اور دیگر فین ویب سائٹس کے مطابق مختلف ممالک میں اس گیم کے لیے عمر کی حد 17 سے 21 سال کے درمیان ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکا میں گیم کے لیے عمر کی حد 17 سال، جبکہ برطانیہ، یورپ اور آسٹریلیا میں 18 سال مقرر ہے۔ اسی طرح جنوبی کوریا میں یہ حد 19 سال اور سعودی عرب و متحدہ عرب امارات میں 21 سال بتائی گئی ہے۔
گیم کے کردار بھی سوشل میڈیا پر زیرِ بحث
تارہ بل نامی ایک صارف نے جی ٹی اے 6 کے مناظر شیئر کرتے ہوئے مینڈی نامی کردار کا ذکر کیا، جو سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہا ہے۔
ان کے مطابق گیم میں جیسن کی ملاقات مینڈی نامی خاتون سے ہوتی ہے، جو اسے اپنے گھر کا سنک ٹھیک کرنے کے لیے بلاتی ہے۔ اس دوران وہ جیسن سے دل لگی کرتی ہے اور بکنی میں نظر آتی ہے۔ تاہم بعض کھلاڑیوں کو شبہ ہے کہ مینڈی ایک قاتل بھی ہوسکتی ہے۔
بعض صارفین گیم کے دفاع میں بھی سامنے آگئے
گیم پر تنقید کے برعکس بعض صارفین نے اس کے مواد کا دفاع بھی کیا ہے۔
‘سین لائف کوچ’ نامی ایک ایکس اکاؤنٹ نے جی ٹی اے 6 کا ایک جف شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ گیم کم عمر افراد کے لیے نہیں بنائی گئی۔ ان کے مطابق اگر کوئی بالغ شخص حقیقت اور ویڈیو گیم کے درمیان فرق نہیں کرسکتا تو مسئلہ گیم میں نہیں بلکہ اس شخص میں ہے۔
دوسری جانب سلطان امیر نامی صارف نے جی ٹی اے 6 پر تفصیلی تبصرہ کرتے ہوئے اسے 10 میں سے صرف 1.5 نمبر دیے۔
ان کا کہنا تھا کہ گیم کی ریلیز کے بعد سے 40 گھنٹے کھیلنے کے باوجود انہیں اس کے معیار میں بہتری محسوس نہیں ہوئی، بلکہ بعض پہلوؤں سے یہ پہلے کے مقابلے میں کم متاثر کن دکھائی دیتی ہے۔
صارف کے مطابق گیم کے گرافکس بہترین ہیں، نقشہ وسیع ہے اور اس کی جزئیات پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، تاہم ان خوبیوں کے علاوہ گیم میں کوئی خاص بات انہیں متاثر نہیں کرسکی۔
انہوں نے گیم کی کہانی کو جی ٹی اے سیریز کی کمزور ترین کہانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جیسن کا کردار پھیکا اور بورنگ محسوس ہوتا ہے، جبکہ لوسیا کے کردار سے بھی کوئی خاص وابستگی پیدا نہیں ہوتی۔
سلطان امیر نے مزید دعویٰ کیا کہ گیم میں فائرنگ اور لڑائی کے مناظر بہت کم ہیں، ڈکیتی کے مشنز محدود اور مختصر ہیں، جبکہ بیشتر مشنز روزمرہ کے غیر دلچسپ کاموں پر مشتمل ہیں۔
ان کے مطابق گیم کا نیا وانٹڈ سسٹم بھی ناقص ہے، فری ایم کا نظام غیر ہموار ہے اور گاڑیاں چلانے کا تجربہ بھی پہلے جیسا نہیں رہا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ گیم میں ہر گاڑی چوری کرنا ممکن نہیں۔
انہوں نے گیم کے یوزر انٹرفیس کو بھی الجھا ہوا قرار دیا۔ ان کے دعوے کے مطابق پلے اسٹیشن 5 پرو پر بھی گیم 30 فریمز فی سیکنڈ (ایف پی ایس) تک محدود ہے اور راک اسٹار کا کہنا ہے کہ پی ایس 5 پرو پر اسے 60 ایف پی ایس پر چلانے کی صلاحیت موجود نہیں۔
جی ٹی اے 6 کی فروخت 2 کروڑ 45 لاکھ سے تجاوز کرگئی
سوشل میڈیا پر جاری تنقید کے باوجود جی ٹی اے 6 کی فروخت کے اعداد و شمار غیر معمولی بتائے جارہے ہیں۔
اعداد و شمار کا تجزیہ کرنے والی کمپنی سینسر ٹاور کے تخمینے کے مطابق گیم کی اب تک 2 کروڑ 45 لاکھ 80 ہزار سے زائد کاپیاں فروخت ہوچکی ہیں، جبکہ اس سے حاصل ہونے والی آمدن 2 ارب 36 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئی ہے۔
سینسر ٹاور کے مطابق مجموعی فروخت میں پلے اسٹیشن کا حصہ تقریباً 75 فیصد جبکہ ایکس باکس کا حصہ 25 فیصد ہے۔
تاہم واضح رہے کہ فروخت اور آمدن سے متعلق یہ اعداد و شمار سینسر ٹاور کے تخمینوں پر مبنی ہیں اور راک اسٹار گیمز کی جانب سے جاری کردہ سرکاری اعداد و شمار نہیں ہیں۔







