امریکا میں حالیہ تکنیکی خرابیوں اور سائبر سکیورٹی سے متعلق بڑھتی تشویش کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کے نیشنل سائبر ڈائریکٹر شان کیرن کراس کو عہدے سے برطرف کردیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ ایک ہفتے کے دوران امریکی سرکاری محکموں، مائیکروسافٹ سروسز اور فضائی آپریشنز سمیت مختلف شعبوں میں بڑے پیمانے پر تکنیکی تعطل کے واقعات پیش آئے، جس پر ٹرمپ انتظامیہ کو تنقید کا سامنا ہے۔
ان واقعات میں مائیکروسافٹ کی سروسز میں عالمی سطح پر خرابی بھی شامل تھی، جس سے کروڑوں صارفین متاثر ہوئے۔ اس کے علاوہ امریکا میں فضائی آپریشن کی ملک گیر معطلی کے باعث 18 ہزار سے زائد پروازیں متاثر ہوئیں۔
وائٹ ہاؤس کے قریبی ذرائع کے مطابق صدر ٹرمپ نے شان کیرن کراس کو عہدے سے ہٹانے کے فیصلے کی مکمل حمایت کی ہے۔
کرسٹن ڈیوس عارضی طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں گی
شان کیرن کراس کی برطرفی کے بعد محکمہ دفاع کی چیف انفارمیشن آفیسر کرسٹن ڈیوس عارضی طور پر نیشنل سائبر ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔
شان کیرن کراس وفاقی حکومت میں سائبر سکیورٹی سے متعلق پالیسیوں اور حکمت عملی کی نگرانی کرتے تھے۔ ان کے مستقل جانشین کی تقرری کے لیے امریکی سینیٹ کی منظوری ضروری ہوگی۔
شان کیرن کراس نے جمعرات کی شب اپنے بیان میں کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ میں خدمات انجام دینا ان کی زندگی کا ایک بڑا اعزاز تھا۔
تکنیکی خرابیوں کی وجوہات کیا تھیں؟
سائبر سکیورٹی کے ماہرین نے رائٹرز کو بتایا کہ حالیہ تکنیکی خرابیوں کا ممکنہ تعلق مصنوعی ذہانت کے دور میں سافٹ ویئر کی نئی کمزوریوں کی نشاندہی اور انہیں فوری طور پر دور کرنے کی کوششوں سے ہوسکتا ہے۔
ان کے مطابق جدید مصنوعی ذہانت کے ٹولز ٹیکنالوجی کمپنیوں کے لیے سائبر سکیورٹی نظام میں موجود خامیوں کی نشاندہی آسان بنا رہے ہیں۔
تاہم امریکا کے اعلیٰ انٹیلی جنس عہدیدار نے بدھ کو واضح کیا تھا کہ حالیہ واقعات مختلف سروسز میں الگ الگ تعطل کا نتیجہ تھے، جن کی وجوہات میں نظام کی دیکھ بھال اور تکنیکی تبدیلیاں شامل تھیں۔ ان کا کسی مربوط یا ریاستی سرپرستی میں کیے گئے سائبر حملے سے تعلق نہیں تھا۔
امریکی قانون سازوں کا انتظامیہ سے بریفنگ کا مطالبہ
ریپبلکن سینیٹر جوش ہولی نے منگل کو واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ حالیہ تکنیکی خرابیوں کے حوالے سے قانون سازوں کو بریفنگ دے تاکہ وہ امریکی عوام کو صورت حال سے آگاہ کرسکیں۔
شان کیرن کراس اس عہدے پر تعیناتی سے قبل ریپبلکن نیشنل کمیٹی میں اعلیٰ عہدے پر فائز تھے۔
ان کے مستقل جانشین کی تقرری کے لیے امریکی سینیٹ کی منظوری درکار ہوگی، جہاں جنوری سے ڈیموکریٹس کو اکثریت حاصل ہونے کی توقع ہے۔







