جعلی مشروبات کے خلاف ملک گیر کارروائیاں، ہزاروں لیٹر ضبط

ملک بھر میں جعلی، غیر معیاری اور مضرِ صحت کولڈ ڈرنکس اور جوس کی تیاری و فروخت کے خلاف کارروائیوں کے دوران ہزاروں لیٹر مشروبات ضبط کرلیے گئے، جبکہ متعدد فیکٹریاں اور گودام سیل کردیے گئے ہیں۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی طریقوں سے تیار کیے جانے والے سستے مشروبات بالخصوص بچوں کی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ (ایس ڈی پی آئی) کے مطابق مختلف شہروں میں فوڈ سیفٹی اداروں کی کارروائیوں کے دوران جعلی کولڈ ڈرنکس، غیر معیاری جوس اور مشروبات کی تیاری میں استعمال ہونے والا ناقص خام مال برآمد کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق مارچ 2026 میں لاہور کے علاقے کرول گھاٹی میں کارروائی کے دوران 15 ہزار لیٹر جعلی کولڈ ڈرنکس ضبط کی گئیں، جبکہ مئی میں شہر کے دو پیداواری یونٹس سے 40 ہزار لیٹر غیر معیاری جوس اور کیمیکل سے تیار کردہ جوس کے 12 ہزار کارٹن برآمد ہوئے۔

اسی طرح پشاور میں دو فیکٹریاں سیل کی گئیں، جبکہ پسرور سے 2 ہزار 463 لیٹر زائد المیعاد مشروبات قبضے میں لیے گئے۔

اکتوبر میں گجرات سے معروف برانڈ کی ایک ہزار 38 جعلی بوتلیں برآمد کی گئیں۔ خانیوال میں جعلی جوس کی تیاری کے لیے استعمال ہونے والا 8 ہزار 700 کلوگرام ناقص آم کا گودا بھی پکڑا گیا، جسے بعد ازاں تلف کردیا گیا۔

اٹک میں جعلی سافٹ ڈرنکس کی ایک کھیپ لیبارٹری ٹیسٹ کے دوران مقررہ معیار پر پورا نہ اتر سکی۔ اس کے علاوہ لاہور اور اوکاڑہ میں بھی غیر معیاری جوس تیار کرنے والے یونٹس کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔

جعلی مشروبات صحت کے لیے کیسے خطرناک ہیں؟

ماہرین کے مطابق غیر قانونی مقامات پر تیار ہونے والے مشروبات میں استعمال ہونے والے پانی، اجزا، صفائی ستھرائی اور ذخیرہ کرنے کے انتظامات کی مؤثر نگرانی نہیں ہوتی۔ اس وجہ سے ایسے مشروبات کے استعمال سے فوڈ پوائزننگ، معدے کے انفیکشن اور دیگر بیماریوں کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

ایس ڈی پی آئی کے پالیسی مذاکرے میں نجی شعبے کے نمائندے اور سماجی شخصیت ہارون شعیب نے کہا کہ جعلی مصنوعات کی روک تھام کے لیے صرف چھاپے مارنا کافی نہیں، بلکہ مارکیٹ کی مسلسل نگرانی، صارفین کی قوت خرید اور متوازن ٹیکس پالیسی پر بھی توجہ دینا ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قانونی کمپنیاں ٹیکس کی ادائیگی، معیار کی جانچ اور محفوظ پیداواری نظام پر سرمایہ کاری کرتی ہیں، جبکہ غیر قانونی کاروبار ان تقاضوں سے بچ کر کم قیمت پر مصنوعات فروخت کرتے ہیں۔

ماہرین نے جعلی مشروبات تیار کرنے اور فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی، مارکیٹ کی مسلسل نگرانی اور عوام میں آگاہی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ محفوظ اور معیاری مشروبات عام صارفین کی قوت خرید کے مطابق دستیاب ہونے چاہئیں تاکہ عوام غیر معیاری اور مضرِ صحت مصنوعات خریدنے سے محفوظ رہ سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed