پاکستانی اداکار اور سوشل میڈیا انفلوئنسر خاقان شاہنواز فوجی جوانوں اور شہدا سے متعلق اپنے بیان کے باعث سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی زد میں آگئے، تاہم تنازع بڑھنے پر انہوں نے معافی مانگ لی۔
خاقان شاہنواز نے ایک پوڈکاسٹ میں مختلف شعبوں سے وابستہ افراد کے احترام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی خدمت کرنے والے تمام افراد یکساں عزت کے مستحق ہیں۔
اس دوران انہوں نے فوجی جوانوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ سرحدوں پر خدمات انجام دینے کے عوض تنخواہ بھی وصول کرتے ہیں۔
اداکار کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔ متعدد صارفین نے ان کے الفاظ کو شہدا کی قربانیوں کے حوالے سے نامناسب قرار دیتے ہوئے تنقید کی۔
معاملے پر تنازع بڑھنے کے بعد خاقان شاہنواز نے ویڈیو پیغام جاری کیا اور اپنے بیان پر معذرت کرلی۔
اپنے وضاحتی پیغام میں اداکار کا کہنا تھا کہ ان کی گفتگو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ پاکستان کی مسلح افواج اور شہدا کا دل سے احترام کرتے ہیں اور ان کا مقصد کسی کی توہین یا دل آزاری کرنا نہیں تھا۔
خاقان شاہنواز نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بات کا مقصد کسی کی خدمات یا قربانیوں کو کم تر ظاہر کرنا نہیں تھا۔







