اینتھروپک کے 5 ہزار ملازمین کروڑ پتی بن گئے

مصنوعی ذہانت کی امریکی کمپنی اینتھروپک کی اسٹاک مارکیٹ میں شمولیت نے ملازمین کو غیر معمولی مالی فائدہ پہنچا دیا، کمپنی کے تقریباً 96 فیصد ملازمین کروڑ پتی بن گئے، جبکہ سیکڑوں ملازمین کے حصص کی مالیت 10 کروڑ ڈالر سے بھی تجاوز کرگئی۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی نے اپنے حصص کی ابتدائی قیمت 83 ڈالر فی شیئر مقرر کی، جس کے نتیجے میں ملازمین کے پاس موجود حصص کی مالیت میں نمایاں اضافہ ہوا۔

ستمبر 2026 تک اینتھروپک میں ملازمین کی مجموعی تعداد 5 ہزار 300 تھی، جن میں سے تقریباً 5 ہزار 100 افراد کے حصص کی مالیت 10 لاکھ ڈالر سے زیادہ ہوگئی۔

اعداد و شمار کے مطابق کمپنی کے تقریباً 2 ہزار 800 ملازمین ایسے ہیں جن کے حصص کی مالیت ایک کروڑ ڈالر سے تجاوز کرچکی ہے، جبکہ لگ بھگ 600 ملازمین کے حصص 10 کروڑ ڈالر سے زیادہ مالیت کے ہوچکے ہیں۔

کمپنی کے ملازمین کو اندرونی طور پر ’اینٹس‘ کہا جاتا ہے۔ نجی کمپنیوں کے حصص کی مالیت کا جائزہ لینے والے ادارے ہِل ڈاٹ کام کے مطابق اینتھروپک کے ملازمین نے انتہائی مختصر عرصے میں غیر معمولی مالی کامیابی حاصل کی ہے۔

ہِل ڈاٹ کام کے بانی اینڈریو بینسن کا کہنا ہے کہ حیران کن پہلو یہ ہے کہ اتنے کم وقت میں ملازمین کی دولت میں اتنا بڑا اضافہ ہوا۔ ان کے مطابق کمپنی کی تیز رفتار ترقی نے ملازمین کو ادارے سے وابستہ رہنے کی ترغیب دی۔

سال 2021 میں قائم ہونے والی اینتھروپک میں 2024 کے اختتام تک ملازمین کی تعداد ایک ہزار سے بھی کم تھی، تاہم چند برسوں میں یہ تعداد بڑھ کر 5 ہزار سے تجاوز کرگئی۔

ٹیکنالوجی کی صنعت میں ملازمین کو تنخواہ کے ساتھ کمپنی کے حصص دینا ایک معروف طریقہ ہے، تاہم اینتھروپک کے معاملے میں خاص بات یہ رہی کہ اسٹاک مارکیٹ میں شمولیت کے پہلے ہی روز بعض ملازمین کو اپنے حصص کا کچھ حصہ فروخت کرکے رقم حاصل کرنے کا موقع بھی ملا۔

اس طرح مصنوعی ذہانت کی صنعت میں کمپنی کی تیز رفتار ترقی اور حصص کی مالیت میں اضافے نے نہ صرف سرمایہ کاروں بلکہ ہزاروں ملازمین کو بھی غیر معمولی مالی فائدہ پہنچایا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed