صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ایوانِ صدر میں ایک اہم ملاقات کے دوران ملک کے موجودہ سیاسی حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور تمام درپیش مسائل کا حل باہمی مشاورت و بات چیت کے ذریعے نکالنے پر اتفاق کیا۔ ایوانِ صدر سے جاری کردہ باضابطہ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال کے علاوہ مشرقِ وسطیٰ کے تناظر میں پیدا ہونے والی بین الاقوامی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ صدر مملکت اور وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ماضی میں آئینی ترامیم کی طرح تمام اہم قومی و سیاسی امور پر تمام اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ درپیش سیاسی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مل بیٹھ کر مشترکہ اور متفقہ حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔







