پاکستان کے معروف گلوکار شفقت امانت علی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ خون کے سرطان ملٹیپل مائیلوما میں مبتلا ہو گئے تھے اور اس دوران انہیں ایک مشکل دور سے گزرنا پڑا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شفقت امانت علی رواں ماہ 28 تاریخ کو کراچی میں پرفارم کریں گے۔ اس حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس میں انہوں نے اپنے کنسرٹس کی سیریز اور اس کی تیاریوں کے بارے میں گفتگو کی۔
گلوکار نے بتایا کہ کنسرٹ کی ریہرسل میں انہیں کافی وقت لگا، کیونکہ وہ زندگی کے ایک انتہائی مشکل مرحلے سے گزر رہے تھے۔ ان کے مطابق اس صورتحال نے انہیں، ان کے اہل خانہ اور دوستوں کو شدید متاثر کیا، جبکہ انہوں نے اپنے بعض دوستوں سے بھی بیماری کی تفصیلات چھپائے رکھیں۔
شفقت امانت علی نے بتایا کہ انہیں ملٹیپل مائیلوما نامی خون کے سرطان کی تشخیص ہوئی تھی، جو ایک سنگین بیماری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بون میرو بائیوپسی کی رپورٹ کلیئر آ چکی ہے، تاہم انہیں اب بھی اسٹیم سیل تھراپی کے عمل سے گزرنا ہے۔
گلوکار نے مزید بتایا کہ آٹو ٹرانسپلانٹ ہونے تک وہ ادویات استعمال کر رہے ہیں، جو ایک طرح کی ہلکی کیموتھراپی ہیں۔ ان کے مطابق وہ ہر ہفتے اس علاج کے عمل سے گزرتے ہیں، تاہم اب وہ صحت یاب ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ شفقت امانت علی نے پاکستان کے علاوہ بالی وڈ میں بھی اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔ ان کے مشہور گانوں میں ’متوا‘، ’تیرے نینا‘، ’بن تیرے‘، ’تیری جھکی نظر‘ اور ’آنکھوں کے ساگر‘ سمیت متعدد مقبول گیت شامل ہیں۔







