(کاوش میمن) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے موبائل ایپس کے ذریعے دیے جانے والے قرضوں پر شرح منافع میں 67 فیصد کمی کردی ہے، جس کے بعد سالانہ شرح منافع 90 فیصد مقرر کردی گئی ہے۔
ایس ای سی پی نے اس حوالے سے نیا سرکلر جاری کرتے ہوئے موبائل ایپ لون کمپنیوں کو قرضوں کی لاگت کم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ نئے فیصلے کے تحت شرح منافع کی سابقہ حد 274 فیصد سے کم کرکے 90 فیصد کردی گئی ہے۔
ایس ای سی پی کے مطابق 10 ہزار روپے کے قرض پر یومیہ لاگت 24 روپے 66 پیسے ہوگی۔ قرض سے متعلق تمام فیسیں اور دیگر چارجز بھی مقررہ لاگت میں شامل کیے جائیں گے۔
کمیشن کا کہنا ہے کہ شرح منافع میں کمی کا بنیادی مقصد قرض لینے والے صارفین کو زیادہ مالی اخراجات اور قرضوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ سے محفوظ رکھنا ہے۔
نئے ضوابط کے مطابق ڈیجیٹل ایپس کے ذریعے زیادہ سے زیادہ 50 ہزار روپے تک قرض فراہم کیا جاسکے گا، جبکہ قرض کی مدت 90 دن سے زیادہ نہیں ہوگی۔
ایس ای سی پی نے قرض کی قبل از وقت ادائیگی سے متعلق بھی وضاحت کی ہے۔ اگر کوئی صارف مقررہ مدت سے پہلے قرض واپس کردیتا ہے تو اس سے صرف اتنے دنوں کی لاگت وصول کی جائے گی جتنے عرصے تک قرض اس کے پاس رہا۔
سرکلر کے مطابق قرض کی مقررہ تاریخ گزرنے کے بعد ابتدائی تین دن تک تاخیر کا جرمانہ وصول کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
دوسری جانب ایس ای سی پی موبائل ایپس سے قرض حاصل کرنے والے صارفین کا ڈیجیٹل ریپوزٹری ریکارڈ بھی قائم کر رہا ہے۔ اس نظام کے ذریعے قرض فراہم کرنے والے ادارے کسی بھی صارف کے پہلے سے موجود قرضوں کی تفصیلات جانچ سکیں گے۔
اس اقدام سے قرض دہندگان ان صارفین کو مزید قرض دینے میں احتیاط کرسکیں گے جو پہلے ہی قرضوں کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
ایس ای سی پی نے موبائل ایپ کے ذریعے قرض فراہم کرنے والی کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 15 روز کے اندر اپنی ایپس اور متعلقہ دستاویزات نئے ضوابط کے مطابق اپ ڈیٹ کریں۔







