وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے خبردار کیا ہے کہ سندھ میں خون کا ایک قطرہ بھی بہا تو اس کے ذمہ دار چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ہوں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 17 برس کے دوران سندھ کو این ایف سی کے تحت 22 ہزار ارب روپے ملے، لیکن کراچی کے حالات میں کوئی نمایاں تبدیلی نہیں آئی۔
اسلام آباد کے نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے بلاول بھٹو زرداری کے نئے صوبوں کی مخالفت سے متعلق بیان پر ردعمل دیا۔
واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے ایک روز قبل نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر زبردستی سندھ کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی تو کراچی کی سڑکوں پر کچرے کے بجائے خون بہے گا۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر اور نواب شاہ میں خون بہنے کی بات کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اردو بولنے والے علاقوں میں خون بہانے کی بات کس بنیاد پر کی جا رہی ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ مہاجر آبادی کئی دہائیوں سے مختلف مسائل اور ناانصافیوں کا سامنا کر رہی ہے۔ کراچی میں بچے گٹروں میں گر کر جان سے جا رہے ہیں جبکہ موبائل فون چھیننے کی وارداتوں کے دوران نوجوانوں کو قتل کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی 18 سالہ حکومت کے باوجود شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ کراچی میں پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں، سیوریج کا نظام خراب ہے اور سڑکوں، اسپتالوں سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی صورتحال بھی تسلی بخش نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع محدود ہیں۔ کراچی کے نوجوانوں کے پاس فوڈ پانڈا میں کام کرنے یا بیرون ملک جانے کے علاوہ کیا راستہ رہ گیا ہے؟ ان کے مطابق شہری کوٹے کے تحت بھی نوجوانوں کو ملازمتیں نہیں مل رہیں جبکہ جعلی ڈومیسائل کے ذریعے شہری کوٹے پر قبضہ کیا جا رہا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے اپنے دور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کراچی پر 300 ارب روپے خرچ کیے اور ان کے دور میں شہر دنیا کے 12 تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں میں شامل تھا۔ ان کا دعویٰ تھا کہ کراچی کے مختلف جزائر تک سمندر کے اندر پانی کی لائن بچھا کر 60 ہزار خاندانوں کو پانی فراہم کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 17 برس میں سندھ کو این ایف سی کے تحت 22 ہزار ارب روپے فراہم کیے گئے، اس کے باوجود کراچی کے حالات تبدیل نہیں ہوئے۔ اگر حکومت کی کارکردگی بہتر ہے تو سندھ میں 10 صوبے بننے سے بھی کسی کو پریشان نہیں ہونا چاہیے۔
وفاقی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ اختیارات اور وسائل عام شہری تک پہنچانے کے لیے نئے انتظامی یونٹس کا قیام ضروری ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے بلدیاتی حکومتوں سے متعلق ترمیم کی کوشش کی گئی تھی، تاہم پیپلز پارٹی نے اس کی مخالفت کی۔
مصطفیٰ کمال نے پنجاب میں 11 سال سے بلدیاتی انتخابات نہ ہونے کو بھی آئین کی خلاف ورزی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین میں اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے کی واضح ہدایت موجود ہے، لیکن صوبائی حکومتیں بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے سے گریز کر رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی جماعت نے اپنے دو رہنماؤں کو تبدیل کیا اور غلط اقدامات پر کبھی خاموشی اختیار نہیں کی۔ ان کے مطابق اپنی قیادت کے غلط فیصلوں کے خلاف آواز اٹھانے والے وہی لوگ ہیں اور ان کا آئین پر پختہ یقین ہے، اس لیے انہیں ڈرانے یا دھمکانے کی کوشش نہ کی جائے۔
ترجمان سندھ حکومت کا مصطفیٰ کمال کو جواب
ترجمان سندھ حکومت گنہور خان اسران نے مصطفیٰ کمال کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مصطفیٰ کمال کونسلر کی نشست جیتنے کے بھی اہل نہیں، ان کی سیاست سازش، انتشار اور اقتدار کی خواہش کے گرد گھومتی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ اپنی جماعت کی قیادت کے خلاف سازشیں کرنے والے اب وزیراعظم کے خلاف بھی سازشوں میں مصروف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے وزرا وفاقی حکومت کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
گنہور خان اسران نے کہا کہ چاروں صوبائی اسمبلیوں کو غیر آئینی قرار دینے والے پہلے اپنی وفاقی وزارت کے آئینی جواز کی وضاحت کریں۔ صوبائی اسمبلیوں کی توہین دراصل چاروں صوبوں کے عوام کے مینڈیٹ کی توہین ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر صوبائی اسمبلیاں غیر آئینی ہیں تو وفاقی وزارت کس آئینی بنیاد پر قائم ہے؟ کیا آئین صرف مصطفیٰ کمال کی وزارت اور سیاسی مفادات کے تحفظ کے لیے ہے؟
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ ایم کیو ایم کو اپنی سیاسی بقا کے لیے سندھ کے امن، اتحاد اور یکجہتی کو داؤ پر نہیں لگانا چاہیے۔ انہوں نے سندھ کو این ایف سی کے تحت 22 ہزار ارب روپے ملنے کے دعوے کو سیاسی پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے پہلے مستند مالیاتی ثبوت پیش کیے جائیں اور مالیاتی دستاویزات کے ذریعے اخراجات کی تفصیلات سامنے لائی جائیں۔
گنہور خان اسران کا کہنا تھا کہ شہری مسائل کا حل صوبے کی تقسیم، لسانی نفرت یا سیاسی بلیک میلنگ میں نہیں ہے۔ ریفرنڈم اور نئے صوبوں کے نام پر آئین کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو انتشار کی طرف لے جانے والے بیانیے سے قومی اتحاد کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ اگر مصطفیٰ کمال کو وزیراعظم سے اختلاف ہے تو انہیں وزارت چھوڑ دینی چاہیے، کابینہ کا حصہ رہتے ہوئے وزیراعظم کے خلاف سازشیں کرنے کا کیا جواز ہے؟







