ملک احمد خان کی پیپلز پارٹی کے مؤقف پر تنقید

اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کی تقسیم کی مخالفت کرتی ہے، تاہم پنجاب کو تقسیم کرنے کی حمایت کرتی رہی ہے۔ انہوں نے صوبوں کی تشکیل اور انتظامی تقسیم کے معاملے پر یکساں آئینی اصول اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک احمد خان نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے صوبوں کی تقسیم سے متعلق مؤقف پر تنقید کی اور کہا کہ اس معاملے میں دوہرا معیار اختیار نہیں کیا جا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کے بیان میں تضاد دکھائی دیتا ہے۔ ایسا ممکن نہیں کہ ایک صوبے کی تقسیم کی حمایت کی جائے جبکہ دوسرے صوبے کے معاملے میں ایسی بات کرنے کو ممنوع قرار دیا جائے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ بلاول بھٹو نے خبردار کیا تھا کہ صوبوں کی تقسیم کی بات پر خون بہہ سکتا ہے، تاہم ملک کسی بھی صورت جلاؤ گھیراؤ کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

ملک احمد خان نے پیپلز پارٹی کے مؤقف پر سنجیدہ بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مئی 2012 میں قومی اسمبلی نے پنجاب کی تقسیم سے متعلق ایک قرارداد منظور کی تھی۔ اس وقت وفاق میں پیپلز پارٹی کی حکومت تھی، جبکہ مسلم لیگ (ن) نے قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کیا تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب اسمبلی میں بھی صوبے کی تقسیم کے حوالے سے دو قراردادیں متفقہ طور پر منظور کی گئی تھیں، جن کے حق میں پیپلز پارٹی نے بھی ووٹ دیا تھا۔
’میرے گھر کو جلانا کسی کا سیاسی حق کیسے ہو سکتا ہے؟‘
ملک احمد خان نے بلاول بھٹو زرداری کے کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران سیاسی قیدیوں سے متعلق بیان پر بھی ردعمل دیا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کسی کے گھر کو جلانا کس طرح کسی کا سیاسی حق ہو سکتا ہے اور ایسے جرم میں قید شخص کو سیاسی قیدی کیسے قرار دیا جا سکتا ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے 29 چھاؤنیوں کو جلانے کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات کو سیاسی حق قرار نہیں دیا جا سکتا۔ ان کے بقول یہ کارروائیاں جاسوسی کے جرم کے مترادف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی ملک کے 29 فوجی اڈوں پر ایک ہی روز منظم انداز میں منصوبہ بندی کے تحت حملے کیے جائیں تو انہیں محض مشتعل ہجوم کی کارروائی یا سیاسی حملہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔

ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ وہ ایسے واقعات کو نہ مشتعل ہجوم کا حملہ سمجھتے ہیں اور نہ ہی سیاسی کارروائی، بلکہ ان کے نزدیک یہ جاسوسی کی کارروائی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed