ریاست کسی مسلح گروہ کی شرائط تسلیم نہیں کریگی’ محمود جان بابر

شعیب جمیل

مشیر برائے اطلاعات ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ محمود جان بابر نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے ایمرجنسی کے نفاذ والے 12 اضلاع میں امن و امان کی صورتحال دیگر علاقوں سے بالکل مختلف ہے، جہاں پولیس کو نفری کی شدید کمی، جدید اسلحے اور تربیت سمیت متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔ رواں سال پولیسنگ کے لیے 70 ارب روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں کوئی ایسا آپریشن نہیں ہوگا جس کے نتیجے میں عوام کو نقل مکانی کرنا پڑے، بلکہ صرف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے جائیں گے۔ غیر مشروط طور پر ہتھیار ڈال کر حکومتی رٹ تسلیم کرنے والوں کے ساتھ بات چیت کے لیے ایریا ڈویلپمنٹ کونسل (اے آر ڈی سی)پالیسی بنا سکتی ہے، جبکہ ماضی میں سیاسی اختلافات کی وجہ سے وفاق اور صوبے کے درمیان تعاون میں کمی رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کسوٹی ڈیجیٹل کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں کیا۔ محمود جان بابر کے مطابق ان 12 اضلاع میں پولیس کی نفری 15 ہزار سے زائد کم ہے، جسے پورا کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ رواں سال پولیسنگ کے لیے 70 ارب روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔محمود جان بابر کا کہنا تھا کہ صوبے کے مختلف اضلاع کی صورتحال ایک جیسی نہیں ہے۔ بعض علاقوں میں معمولات زندگی بہتر ہیں اور دہشت گردی میں بھی کسی حد تک کمی آئی ہے، تاہم قبائلی اور دیگر متاثرہ اضلاع کے حالات مختلف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر صرف ضلع خیبر کے بعض علاقوں کا جائزہ لیا جائے تو وہاں زندگی کے حالات دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ لوگ پچاس سال پیچھے رہ گئے ہیں۔ ان علاقوں میں ترقیاتی کام نہ ہونے کے برابر ہیں، بنیادی سہولیات کی کمی ہے اور ماضی میں وسائل کو بھی درست طریقے سے استعمال نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی کوشش ہے کہ ان متاثرہ علاقوں کو بھی ترقی کے سفر میں شامل کیا جائے اور انہیں پشاور جیسے ترقی یافتہ شہروں کے برابر لایا جائے۔ ان علاقوں میں تعلیم، صحت، روزگار اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ دہشت گردی کا خاتمہ بھی ناگزیر ہے، کیونکہ امن کے بغیر ترقیاتی سرگرمیوں کو آگے بڑھانا ممکن نہیں۔صوبے میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں اور سابقہ حکومتی پالیسی پر بات کرتے ہوئے محمود جان بابر نے کہا کہ گزشتہ عرصے میں صوبائی حکومت کا موقف تھا کہ دہشت گردی کے مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے، تاہم سوال یہ تھا کہ مذاکرات کن عناصر سے کیے جا رہے تھے۔ ان کے مطابق یہ وہ عناصر تھے جو سکیورٹی فورسز پر حملے کرتے، جدید اسلحہ استعمال کرتے اور افغان طالبان سمیت دیگر جنگجوں کو ساتھ لا کر فورسز کے خلاف کارروائیاں کرتے تھے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ٹی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے تقریبا 200 طالبان بھی مارے جا چکے ہیں۔محمود جان بابر کا کہنا تھا کہ اس صورتحال میں پولیس کو بھی مشکلات کا سامنا رہا، کیونکہ ایک جانب انہیں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کرنا پڑ رہی تھیں، جبکہ دوسری جانب صوبائی حکومت کی پالیسی کے حوالے سے بھی غیر یقینی صورتحال موجود تھی۔ ان کے مطابق پولیس کو واضح پالیسی، مکمل سیاسی حمایت اور جدید وسائل فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ وہ مثر انداز میں دہشت گردی کا مقابلہ کر سکے۔پولیس کی نفری کی کمی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ 12 متاثرہ اضلاع میں تقریبا 15 ہزار سے زائد اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے۔ موجودہ پولیس اہلکاروں کی تربیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس میں اصلاحات متعارف کروائی جا رہی ہیں تاکہ ایسے اہلکاروں کو آگے لایا جا سکے جو عملی طور پر دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔انہوں نے پولیس اصلاحات کے حوالے سے بتایا کہ ایسے اہلکار جو عملی ذمہ داریاں ادا کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، ان کے متبادل کے لیے بھی ایک نظام پر کام کیا جا رہا ہے، جس کے تحت ان کی جگہ ان کے بیٹے یا بھائی کو بھرتی کرنے کا امکان رکھا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس عمل کا مقصد پولیس کی نفری برقرار رکھنے کے ساتھ فورس کو مزید مثر بنانا ہے۔ماضی میں قبائلی علاقوں میں خاصہ دار فورس کے نظام کے حوالے سے محمود جان بابر نے کہا کہ اس نظام میں مقامی قبائل سے افراد بھرتی کیے جاتے تھے، تاہم جدید پولیسنگ کے تقاضے مختلف ہیں۔ ان کے مطابق دہشت گردوں کے پاس جدید اسلحہ اور مالی وسائل موجود ہیں، جبکہ پاکستان کے دشمن عناصر بھی انہیں مدد فراہم کرتے ہیں تاکہ وہ ملک کے خلاف کارروائیاں جاری رکھ سکیں۔ ایسے حالات میں پولیس کو جدید تربیت، اسلحے اور ٹیکنالوجی سے لیس کرنا ضروری ہے۔پولیسنگ کے بجٹ کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ رواں سال پولیسنگ کے لیے تقریبا 70 ارب روپے جاری کیے جا رہے ہیں، جبکہ گزشتہ دس برسوں میں مجموعی طور پر تقریبا 98 ارب روپے فراہم کیے گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ پولیس کی استعداد بڑھانے اور سکیورٹی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔محمود جان بابر کے مطابق ماضی میں متاثرہ علاقوں میں پولیس کی کئی چوکیاں کمزور تعمیرات پر مشتمل تھیں، جنہیں دہشت گرد آسانی سے نشانہ بنا سکتے تھے۔ اب ایسی مضبوط چوکیاں تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جو ڈرون حملوں سمیت مختلف سیکیورٹی خطرات کا مقابلہ کر سکیں۔ اس کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے لیس نگرانی کا نظام بھی متعارف کروانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا دور سے پتہ چلایا جا سکے گا اور پولیس کو بروقت معلومات فراہم ہوں گی۔ممکنہ سیکیورٹی آپریشنز اور عوام کی نقل مکانی کے حوالے سے محمود جان بابر نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ایسا کوئی آپریشن نہ ہو جس کے نتیجے میں لوگوں کو اپنے گھروں سے نکلنا پڑے۔ ان کے مطابق اس مرتبہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر توجہ دی جائے گی تاکہ دہشت گردوں کو نشانہ بنایا جا سکے اور عام شہریوں کی زندگی متاثر نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی علاقے میں دہشت گردی کا خاتمہ ممکن نہ ہو اور صورتحال ایسی بن جائے کہ چند دنوں کے لیے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا ضروری ہو تو حکومت نے اس حوالے سے منصوبہ بندی کر رکھی ہے اور متاثرہ افراد کو ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ تاہم حکومت کی کوشش یہی ہوگی کہ عوام کو نقل مکانی کی نوبت نہ آئے۔ماضی کے آپریشنز کے دوران افغانستان منتقل ہونے والے افراد کی واپسی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شخص غیر مشروط طور پر ہتھیار ڈال کر ریاست کے سامنے آنا چاہتا ہے تو اس حوالے سے پالیسی بنائی جا سکتی ہے، تاہم ریاست کسی بھی گروہ کی شرائط قبول نہیں کرے گی۔ ان کے مطابق واپس آنے والوں کو ریاست کے سامنے ہتھیار ڈالنا ہوں گے اور ملکی قوانین کو تسلیم کرنا ہوگا۔افغانستان کے ساتھ مذاکرات کے معاملے پر محمود جان بابر کا کہنا تھا کہ کسی دوسرے ملک کے ساتھ معاملات طے کرنا وفاقی حکومت اور وزارت خارجہ کی ذمہ داری ہے، اس لیے صوبائی حکومت کو وفاق کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ماضی میں سیاسی اختلافات کی وجہ سے وفاق اور صوبے کے درمیان تعاون میں کمی رہی اور دہشت گردی جیسے اہم مسئلے پر بھی مشترکہ حکمت عملی اختیار نہیں کی گئی۔انہوں نے پی ٹی آئی کی سابقہ صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب سی این جی کی بحالی کا معاملہ سامنے آیا تو گورنر کو ساتھ لے کر وفاقی حکومت سے رابطہ کیا گیا، جبکہ ریلوے ٹریکس کی بحالی کے لیے بھی وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی سے ملاقات کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ان معاملات کے لیے وفاق سے رابطہ ممکن تھا تو دہشت گردی کے خاتمے جیسے اہم قومی مسئلے پر وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر کام کیوں نہیں کیا گیا۔ افغانستان جانا ممکن ہے تو اسلام آباد جا کر وفاقی حکومت سے بات کرنا بھی ممکن ہونا چاہیے۔عمران خان کے دور حکومت میں سوات آنے والے طالبان کے حوالے سے محمود جان بابر نے کہا کہ اس وقت بھی طالبان کی جانب سے بعض مطالبات سامنے آئے تھے، جن میں فاٹا کی سابقہ حیثیت کی بحالی، فوج کی موجودگی اور چیک پوسٹوں کے حوالے سے مطالبات شامل تھے۔ ان کے مطابق طالبان اپنے مسلح جتھوں کی شکل میں آنے اور اسلحہ رکھنے کی بھی بات کرتے تھے، تاہم ریاست نے ان مطالبات کو تسلیم نہیں کیا تھا۔محمود جان بابر کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں بھی کسی گروہ کو اپنی شرائط پر ریاست کے سامنے آنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ امن کے لیے مذاکرات ہوں یا سیکیورٹی کارروائیاں، ریاست کی رٹ اور ملکی قوانین پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق حکومت کا بنیادی مقصد متاثرہ اضلاع میں امن قائم کرنا، پولیس کو جدید وسائل سے لیس کرنا اور عوام کو ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed