جہانگیر ترین کی خیبرپختونخوا میں تعلیمی شعبے کے لیے پیش قدمی، ڈی آئی خان کالج میں جدید کمپیوٹر لیب بنانے کا اعلان

پشاور میں گورنر ہاؤس پشاور میں محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا اور ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے درمیان ایک اہم مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے ہیں، جس کے تحت ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن ڈیرہ اسماعیل خان کالج نمبر ون میں جدید کمپیوٹر لیب قائم کرے گی اور آئندہ تین سال تک اس کی مکمل دیکھ بھال بھی کرے گی۔

گورنر ہاؤس پشاور میں منعقدہ پروقار تقریب میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بانی جہانگیر خان ترین نے خصوصی شرکت کی، جبکہ مشیر برائے اعلیٰ تعلیم عامر عبداللہ، مشیر برائے سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی عثمان سیف اللہ، سیکرٹری اعلیٰ تعلیم اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ مفاہمتی یادداشت پر سیکرٹری اعلیٰ تعلیم اور ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے سربراہ نے دستخط کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ موجودہ دور انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کا دور ہے، اس لیے طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا میں جدید کمپیوٹر لیبز کے قیام کے لیے عملی اقدام اٹھانے پر ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا۔

گورنر نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو صحیح سمت دینا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے اور ہماری کوشش ہے کہ صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کو جدید کمپیوٹر لیبز اور ٹیکنالوجی کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں 49 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، تاہم تمام بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ساتھ اس شراکت داری کو مزید وسعت دی جائے گی اور یہ مفاہمتی یادداشت صوبے میں تعلیمی شعبے کی بہتری کے سفر میں بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوگی۔

اس موقع پر ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بانی جہانگیر خان ترین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کا بنیادی مقصد طلبہ کو دورِ جدید کے تقاضوں کے مطابق تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن لاہور کے گرلز اسکولوں سے تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کا جو سلسلہ شروع کیا گیا تھا، اسے اب خیبرپختونخوا کے دیگر علاقوں تک بھی پھیلایا جائے گا اور صوبے میں تعلیمی شعبے کی بہتری کے لیے بھرپور کام کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed