تمباکو کی خریداری کے نظام میں حکومتی قوانین پر عمل درآمد کی خامیوں، غیر رسمی خریداری اور کاشتکاروں کے مالی استحصال کا انکشاف ہوا ہے۔ انسٹی ٹیوٹ فار پبلک اوپینین ریسرچ (آئی پی او آر) کی ایک آزادانہ تحقیق کے مطابق 45 فیصد تمباکو کاشتکاروں کے پاس فصل کی کاشت شروع کرنے سے قبل خریداری کا کوئی تحریری معاہدہ موجود نہیں تھا، جبکہ 52 فیصد کاشتکاروں نے ایسے خریداروں کو تمباکو فروخت کیا جن کے ساتھ ان کا براہ راست کوئی تحریری معاہدہ نہیں تھا۔ تحقیق میں تمباکو کی خریداری کے متوازی غیر رسمی نظام کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس سے پاکستان ٹوبیکو بورڈ کی نگرانی اور حکومتی ضابطہ جاتی نظام غیر مثر ہو رہا ہے۔آئی پی او آر کی جانب سے پاکستان میں تمباکو کی فصل کی پیداوار، مارکیٹنگ اور خریداری کے طریقہ کار کا جائزہ کے عنوان سے کی گئی تحقیق میں صوابی، مردان اور چارسدہ کے 1200 تمباکو کاشتکاروں سے سروے کیا گیا، جس میں خریداری کے معاہدوں، قیمتوں، ادائیگیوں اور پاکستان ٹوبیکو بورڈ کے قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔تحقیق کے مطابق پاکستان ٹوبیکو بورڈ کے ضابطہ جاتی نظام کے تحت تمباکو کی خریداری حکومت کی مقرر کردہ اوسط وزنی قیمت کے مطابق ہونی چاہیے، جبکہ کمپنیوں اور ڈیلرز کے لیے مختص خریداری کوٹے پورے کرنا بھی ضروری ہے، تاہم عملی طور پر ان قواعد پر مکمل عمل درآمد نہیں ہو رہا اور مارکیٹ میں غیر رسمی خریداری کا نظام موجود ہے۔تحقیق میں تمباکو کی قیمتوں میں بھی نمایاں فرق سامنے آیا ہے۔ بین الاقوامی تمباکو کمپنیوں کو فصل فروخت کرنے والے کاشتکاروں کو اوسطا 720 روپے فی کلوگرام ملے، جبکہ دیگر کمپنیوں کو فروخت کرنے والوں کو 559 روپے اور ڈیلرز کے ذریعے فروخت کرنے والے کاشتکاروں کو صرف 471 روپے فی کلوگرام وصول ہوئے۔ تحقیق کے مطابق باضابطہ معاہدوں کے بجائے دیگر ذرائع سے تمباکو فروخت کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنے والے 85 فیصد کاشتکاروں نے بتایا کہ انہیں پاکستان ٹوبیکو بورڈ کی مقرر کردہ قیمت سے کم نرخوں کی پیشکش کی گئی۔ادائیگیوں کے طریقہ کار کے حوالے سے بھی اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ غیر معاہداتی انتظامات کے تحت تمباکو فروخت کرنے والے 52 فیصد کاشتکاروں کو نقد ادائیگی کی گئی، جبکہ 36 فیصد کو موقع پر ہی رقم ادا کر دی گئی۔ تحقیق کے مطابق خریداری مراکز تک فصل لائے بغیر براہ راست خریداری کے اس طریقہ کار سے لین دین کی شفافیت، نگرانی اور ریکارڈ کی جانچ پڑتال متاثر ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں غیر دستاویزی تمباکو کی سپلائی چین میں شامل ہونے کے خدشات بڑھ جاتے ہیں۔







