پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق آسٹریلوی کرکٹر شین ڈائٹز کو پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔ 51 سالہ شین ڈائٹز اس عہدے پر وہاب ریاض کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
وہاب ریاض نے گزشتہ سال جولائی میں قومی ویمنز ٹیم کے مینٹور کی حیثیت سے کام شروع کیا تھا۔ ان کی نگرانی میں پاکستان ویمنز ٹیم گزشتہ سال ون ڈے ورلڈ کپ کے لیگ مرحلے میں کوئی میچ جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکی اور اسے تمام سات مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اسی طرح رواں سال منعقد ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی قومی ٹیم کی کارکردگی متاثر کن نہیں رہی۔ پاکستان نے ایونٹ میں پانچ میچز کھیلے، جن میں سے صرف ایک میں کامیابی حاصل کی۔ ٹیم کو واحد فتح نیدرلینڈز کے خلاف ملی۔
پی سی بی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق شین ڈائٹز ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے اور وہیں قومی ویمنز اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔
شین ڈائٹز اس سے قبل ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔ ان کی کوچنگ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے 2024 اور 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنلز تک رسائی حاصل کی تھی۔
وہ بنگلا دیش اور نیدرلینڈز کی ویمنز کرکٹ ٹیموں کے ساتھ بھی کوچنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔
پاکستان ویمنز ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر ہونے پر شین ڈائٹز نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ذمہ داری ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کی کرکٹ تاریخ شاندار ہے اور ان کا ہدف 2028 میں پاکستان میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شائقین کو خوشی کے لمحات فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی کپ میں بہتر نتائج حاصل کرنے کے لیے بھرپور محنت درکار ہوگی اور وہ قومی ویمنز ٹیم کے ساتھ کام کرنے کے لیے پُرجوش ہیں۔







