صوبے کے وسائل پر پہلا حق عوام کا ہے، وفاق اپنا کردار ادا کرے’صادق اچکزئی

مظلوم عوامی تحریک پاکستان کے بانی و مرکزی چیئرمین حاجی صادق خان اچکزئی نے کہا ہے کہ صوبے کے وسائل پر صوبے کے عوام کا حق ہے وفاق کو چاہیے کہ وہ صوبوں کے آئینی اور قانونی حقوق تسلیم کرتے ہوئے انہیں ان کے جائز وسائل فراہم کرے۔ صوبے کے وسائل صوبے کی ترقی، عوام کی خوشحالی اور نوجوانوں کے روشن مستقبل پر خرچ ہونے چاہئیں۔ بدقسمتی سے آج ہمارے نوجوان بے روزگاری، معاشی مشکلات اور تعلیمی مسائل کا شکار ہیں جن کے حل کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی کے 79 کے سیاسی و سماجی رہنما فخر عالم خلیل کی مظلوم عوامی تحریک پاکستان میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں علاقے کے معززین، سیاسی و سماجی شخصیات اور تحریک کے کارکنوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر فخر عالم خلیل نے اپنے ساتھیوں سمیت تحریک میں شمولیت کا اعلان کیا۔حاجی صادق خان اچکزئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ حالات کسی سے پوشیدہ نہیں صوبے کے نوجوان ڈگریاں حاصل کرنے کے باوجود روزگار کے مواقع سے محروم ہیں۔ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد اپنی صلاحیتوں کے باوجود معاشی مشکلات کا سامنا کر رہی ہے۔ حکومت اور سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے مناسب مواقع فراہم کریں۔ اگر ہمارے نوجوانوں کو اپنے ہی ملک میں بہتر تعلیمی ماحول، روزگار اور بنیادی سہولیات میسر ہوں تو انہیں اپنا مستقبل تلاش کرنے کے لیے بیرون ملک جانے پر مجبور نہیں ہونا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ہر بچے اور نوجوان کو یکساں حقوق حاصل ہیں۔ کسی بھی معاشرے کی ترقی کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ وہاں کے نوجوانوں کو کتنے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔ نوجوان ملک کا مستقبل اور معاشرے کی اصل قوت ہیں لیکن افسوس کہ سیاسی جماعتوں اور اقتدار میں رہنے والے نمائندوں سے یہ سوال پوچھنا ضروری ہے کہ انہوں نے نوجوانوں کی تعلیم، روزگار اور بہتر مستقبل کے لیے اب تک کیا عملی اقدامات کیے ہیں۔ محض سیاسی نعروں اور وعدوں سے نوجوانوں کے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ اس کے لیے عملی اقدامات اور عوام کے سامنے جواب دہی ضروری ہے۔چیئرمین مظلوم عوامی تحریک نے کہا کہ صوبے کے حقوق کے حصول کے لیے عوام کو متحد ہونا ہوگا۔ وفاق اور صوبوں کے درمیان آئینی معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کیا جانا چاہیے تاہم صوبوں کے جائز حقوق اور وسائل کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ صوبائی وسائل کو عوام کی فلاح و بہبود، تعلیم، صحت، روزگار اور دیگر بنیادی ضروریات پر خرچ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے معاشرتی مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم فتنوں اور مختلف سماجی چیلنجز کے دور سے گزر رہے ہیں۔ نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں، گمراہی اور معاشرتی برائیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ علما کرام، وکلا، اساتذہ، سیاسی و سماجی رہنماں اور دیگر باشعور افراد کو آگے بڑھ کر نوجوان نسل کی رہنمائی کرنی چاہیے اور انہیں مثبت سرگرمیوں، تعلیم، شعور اور تعمیری سوچ کی طرف راغب کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں اصلاحات کا آغاز اپنی ذات اور اپنے گھروں سے کرنا ہوگا۔ جب ہمارے اپنے گھروں میں مسائل موجود ہوں اور ہم اپنی کمزوریوں کو دور کرنے کے لیے تیار نہ ہوں تو دوسروں سے بہتری کی توقع کیسے رکھ سکتے ہیں؟ ہمیں سب سے پہلے اپنے اندر موجود خامیوں کو تسلیم کرنا اور انہیں دور کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ ایک مضبوط معاشرہ اسی وقت تشکیل پاتا ہے جب افراد اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور اجتماعی مفاد کو ذاتی مفادات پر ترجیح دیں۔حاجی صادق خان اچکزئی نے کہا کہ مظلوم عوامی تحریک پاکستان کا بنیادی مقصد عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنا، محروم اور مظلوم طبقات کو ان کا جائز مقام دلانا، نوجوانوں کو سیاسی و سماجی شعور دینا اور معاشرے میں اتحاد، بھائی چارے اور ترقی کے لیے عملی جدوجہد کرنا ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed