تیمور جھگڑا’ کامران بنگش اور عرفان سلیم 3 ایم پی او کے تحت گرفتار

پشاور ہائیکورٹ سے ضمانت ملنے کے باوجود پشاور پولیس نے پی ٹی آئی رہنمائوں تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کو گرفتار کرلیا ۔اطلاعات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے تینوں رہنمائوں کو ضمانت ملنے کے باوجود تھری ایم پی او کے تحت حراست میں لے لیا ۔ذرائع نے بتایا کہ گرفتاری سے قبل ایس ایس پی آپریشنز پشاور فرحان خان ایس پی کینٹ کے ہمراہ پشاور ہائی کورٹ پہنچے جہاں انہوں نے تیمور جھگڑا ، کامران بنگش اور عرفان سلیم سے ملاقات بھی کی ۔اطلاعات میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کی صورت میں پشاور ہائیکورٹ سے حاصل کردہ ضمانت فوری طور پر گرفتاری روکنے کے لیے کافی نہیں ہوگی، جبکہ اس اقدام سے بچنے کے قانونی راستے کے حوالے سے بھی صورتحال واضح نہیں۔قبل ازیں انسدادِ دہشتگردی عدالت پشاور نے ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں نامزد پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کی عبوری ضمانت کی درخواستیں خارج کر دیں۔فیصلہ سنائے جانے کے بعد پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تاہم عدالتی احاطے میں موجود وکلا نے مزاحمت کرتے ہوئے گرفتاری روک دی جس پر پولیس نے کچہری کے سارے گیٹ بند کروا دیے۔ وکلا کچہری اور ہائی کورٹ کا دروازہ توڑ کر ہائی کورٹ میں داخل ہوگئے، تیمور جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم بھی ہائی کورٹ پہنچے۔انسدادِ دہشتگردی عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر منگل کو ہی فیصلہ محفوظ کیا تھا جو بعد ازاں سناتے ہوئے تینوں ملزمان کی عبوری ضمانت منسوخ کر دی گئی۔سماعت کے دوران ریڈیو پاکستان کے وکیل شبیر حسین عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے مقف اختیار کیا کہ تینوں ملزمان ایف آئی آر میں نامعلوم ملزمان کے طور پر چارج تھے، تاہم شواہد سامنے آنے کے بعد انہیں مقدمے میں نامزد کیا گیا۔عدالت نے استفسار کیا کہ نامزد ملزمان کے وکلا نے سوال اٹھایا ہے کہ ویڈیو کس نے بنائی اور کیسے سامنے آئی؟ جس پر ریڈیو پاکستان کے وکیل نے جواب دیا کہ یہ ویڈیوز سوشل میڈیا سے حاصل کی گئی ہیں اور ملزمان نے خود انہیں سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیا تھا۔ وکیل نے بتایا کہ پنجاب فورنزک سائنس ایجنسی (پی ایف ایس اے)اور نادرا نے ویڈیوز کی تصدیق کی ہے، اور پی ایف ایس اے کی رپورٹ میں یہ ثابت ہوا ہے کہ ملزمان توڑ پھوڑ میں ملوث تھے اور انہوں نے شہریوں کو اشتعال دلایا۔شبیر حسین گیگیانی نے مزید دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا فوٹیجز کی بنیاد پر نور مقدم کیس اور مشال خان کیس میں بھی ملزمان کو سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملزمان نے اپنی حکومت کے دوران ایک ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کو فوکل پرسن مقرر کیا تھا جس کا واحد کام ان کے خلاف درج مقدمات کو ختم کرانا تھا۔سماعت کے دوران عدالت نے دریافت کیا کہ کیا ریڈیو پاکستان کے موجودہ ڈائریکٹر وقوعہ کے وقت اسی عہدے پر تعینات تھے؟ جس پر وکیل نے بتایا کہ موجودہ ڈائریکٹر اس وقت پروگرام مینیجر کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے۔سماعت کے دوران کمرہ عدالت میں 9 مئی کے واقعات سے متعلق ویڈیوز بھی چلائی گئیں۔ ویڈیوز دیکھنے کے بعد عدالت نے ریمارکس دیے کہ ان میں تو توڑ پھوڑ جیسا کچھ نظر نہیں آیا۔ اس پر ریڈیو پاکستان کے وکیل نے وضاحت کی کہ ان کا بنیادی کیس ہی یہ ہے کہ ملزمان نے عوام اور کارکنوں کو اشتعال دلایا، اور ویڈیوز میں واضح نظر آ رہا ہے کہ وہ کارکنوں کو اکسا رہے ہیں۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کی عبوری ضمانت کی درخواستیں خارج کرنے کا حکم سنادیا۔آخری اطلاعات تک تینوں ملزمان وکلا کے حصار میں عدالت کے احاطے میں موجود تھے جبکہ پولیس کی نفری بھی انہیں گرفتار کرنے کے لیے احاطے میں تعینات تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed