راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستانی بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو پہلی اننگز میں صرف 98 رنز پر آؤٹ کردیا۔
سری لنکا کے صرف دو بلے باز ڈبل فگرز میں داخل ہوسکے۔ مہمان ٹیم پاکستان میں اپنے کم ترین ٹیسٹ اسکور پر آؤٹ ہوئی۔ اس سے قبل پاکستان میں سری لنکا کا کم ترین ٹیسٹ اسکور 149 رنز تھا۔
سری لنکن اننگز کا آغاز مایوس کن رہا۔ اوپننگ بلے باز لہرو اودارا 4 رنز بنا کر رضا اللہ کی گیند پر محمد طحہٰ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، جبکہ پاسیندو سوریابندرا 2 رنز بنا کر ثاقب خان کی گیند پر غازی غوری کو کیچ دے بیٹھے۔
دنییش چندیمل 7 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر اذان اویس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ کمیندو مینڈس بھی 8 رنز بنا سکے اور محمد عباس کی گیند پر طیب عارف کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
دھننجیا ڈی سلوا صرف ایک رن بنا کر رضا اللہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے، جبکہ سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے 32 رنز کی اننگز کھیلی، انہیں عامر جمال نے پویلین کی راہ دکھائی۔
سونل ڈینوشا نے 40 گیندوں پر 21 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 4 چوکے شامل تھے۔ وہ عامر جمال کی گیند پر رضا اللہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
ملان رتھنائیکے بغیر کوئی رن بنائے رضا اللہ کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ پربھات جے سوریا 3 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر کیچ اینڈ بولڈ ہوگئے، جبکہ لاہیرو کمارا بھی کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے اور عامر جمال کی گیند پر سلمان آغا کو کیچ دے بیٹھے۔ اسیتھا فرنینڈو ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے رضا اللہ، محمد عباس اور عامر جمال نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ثاقب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ قومی کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹیم چار فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اتر رہی ہے اور کوشش ہوگی کہ سری لنکا کو کم سے کم اسکور پر آؤٹ کیا جائے۔
بابر اعظم نے بتایا تھا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور عرفات منہاس کی جگہ عامر جمال کو شامل کیا گیا ہے، کیونکہ پچ کی صورتحال کے پیش نظر ایک اضافی فاسٹ بولر کی ضرورت تھی۔
دوسری جانب سری لنکن ٹیم نے بھی اپنی پلیئنگ الیون میں تبدیلی کرتے ہوئے پربھات جے سوریا کو شامل کیا تھا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا تھا۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ ابتدائی طور پر لاہور میں شیڈول تھا، تاہم اسموگ کے باعث اسے راولپنڈی منتقل کردیا گیا۔
میچ کے دوران سکیورٹی اور ٹریفک کی نگرانی کے لیے راولپنڈی پولیس نے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔ سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا کے مطابق تقریباً 6 ہزار پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی اور ٹریفک کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
ان کے مطابق سینئر افسران موقع پر اہلکاروں کی نگرانی اور بریفنگ کر رہے ہیں، جبکہ بلند عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کیے گئے ہیں۔ سیف سٹی سمیت دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے بھی صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔
سی پی او نے بتایا کہ نگرانی کے لیے خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جبکہ پولیس موبائلز، ایلیٹ فورس اور ڈولفن اسکواڈ اسٹیڈیم کے اطراف گشت کر رہے ہیں۔







