نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد راستہ ہیں۔
ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میردوف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک توانائی، نقل و حمل اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دے سکتے ہیں۔
اسحاق ڈار کے مطابق مشترکہ بین الحکومتی کمیشن دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مضبوط معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کمیشن کے اجلاس میں گزشتہ فیصلوں پر عمل درآمد اور اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا، جس سے دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میردوف نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے کردار اور سفارتی کوششوں کو سراہا۔
راشد میردوف نے پاکستانی قیادت کی جانب سے بہترین میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترکمانستان پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور روابط کو مزید فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔







