ٹک ٹاک دوستی کا انجام، پشاور سے غائب ہونے والی لڑکی اسلام آباد سے بازیاب، سوات کا نوجوان گرفتار

پشاور میں سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر دوستی کے بعد گھر سے لاپتہ ہونے والی لڑکی کو کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے جدید ٹیکنیکل بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے اسلام آباد سے بازیاب کرا لیا ہے جبکہ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق تھانہ پندو کی حدود سے مناہل نامی لڑکی کے پراسرار طور پر غائب ہونے پر اس کی پرورش کرنے والی خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ واقعے کی تفتیش کے دوران سب انسپکٹر صدام خان نے جدید ٹیکنیکل طریقہ تفتیش اپناتے ہوئے موبائل فون ڈیٹا کی مدد سے لڑکی کا سراغ لگایا اور اسلام آباد کے علاقے ترنول میں چھاپہ مار کر اسے بحفاظت بازیاب کرا لیا۔

کارروائی کے دوران لڑکی کو اسلام آباد لے جانے والے ملزم محمد رؤف ولد فضل مالک ساکن سوات کو گرفتار کر لیا گیا، جس سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ بازیاب کرائی گئی لڑکی کو دارالامان منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں ٹک ٹاک اور فیس بک پر نامعلوم افراد سے دوستی کے بعد گھروں سے غائب ہونے کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جہاں بعض عناصر مبینہ طور پر کرائے کی گاڑیوں اور رہائشی مکانات کے ذریعے نوجوان لڑکیوں کو خوشحال زندگی اور شادی کے جھانسے دے کر ورغلاتے ہیں۔ شہری اور سماجی حلقوں نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور پولیس ایسے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں یقینی بنائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed