حافظ نعیم کا پٹرول 80 روپے سستا ہونے کا دعویٰ

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ جماعت اسلامی کے احتجاج اور حکومتی مذاکراتی ٹیم پر دباؤ کے نتیجے میں پٹرول کی قیمت میں 80 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے کمی ہوئی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں چھوٹے انتظامی یونٹس کی حامی ہے، تاہم صوبوں کی نئی تشکیل آئینی دائرہ کار کے اندر ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آئین ریفرنڈم کی اجازت دیتا ہے تو اس کے انعقاد میں کوئی حرج نہیں۔ حکومت کو فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کرانے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت گرانے کے لیے عدم اعتماد کو آئینی اقدام قرار دیا گیا، لیکن جماعت اسلامی کا مؤقف تھا کہ ہارس ٹریڈنگ کی آئین میں کوئی گنجائش نہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کے احتجاج کے باعث پٹرول 80 روپے اور ڈیزل 32 روپے سستا ہوا۔ ان کے بقول وزرا خود یہ خدشہ ظاہر کر رہے تھے کہ پٹرول کی قیمت ایک ہزار روپے فی لیٹر تک پہنچ سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی کی مذاکراتی ٹیم نے حکومت پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا ہوا ہے۔ فی الحال دھرنے نہیں دیے جا رہے، تاہم احتجاجی سرگرمیاں جاری ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کے مطابق 22 نومبر کو بلوچستان میں پٹرول، بجلی، مہنگائی اور امن و امان کی صورتحال کے خلاف جلسہ منعقد کیا جائے گا، جبکہ 29 نومبر کو مینار پاکستان پر ایک بڑا جلسہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی حکومت کو اپنا حتمی مسودہ بھی پیش کر چکی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید بتایا کہ 19 نومبر کو جماعت اسلامی کی مذاکراتی ٹیم کی حکومتی نمائندوں سے ملاقات طے ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ حکومت عوام کو فراہم کیے جانے والے ریلیف میں اضافہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے علم میں ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے ریلیف کی فراہمی پر کوئی دباؤ نہیں ہے۔ اگر عوام کو ملنے والے ریلیف کا دائرہ وسیع نہ کیا گیا تو حکومت کے ساتھ آئندہ ملاقات آخری بھی ثابت ہوسکتی ہے۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف نہ ملنے کی صورت میں احتجاجی مظاہروں کے ساتھ دھرنے بھی دوبارہ شروع کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کے جلسے صرف پٹرول کی قیمتوں تک محدود نہیں بلکہ گیس کی قیمتوں اور زراعت کی خراب صورتحال کے خلاف بھی ہیں۔

ان کے مطابق حکومت نے گیس کی قیمت 290 روپے مقرر کی ہے، لیکن صارفین کو یہی گیس 600 روپے تک میں مل رہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ان کی جماعت کی جدوجہد کے نتیجے میں عوام کو بجلی کے بلوں میں بھی ریلیف ملا ہے۔ انہوں نے آئی پی پیز کے ساتھ مزید ایسے معاہدوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کسی بھی ناجائز معاہدے کو قبول نہیں کرے گی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ بینکنگ شعبے کے بااثر حلقوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے معیشت کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے اور تکنیکی طریقوں سے عوام پر معاشی بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی پوری قوم کی نمائندگی کرتے ہوئے عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ ان کے بقول عوامی سطح پر حکومت پر دباؤ ڈال کر ریلیف حاصل کرنے کی یہ ایک نئی سیاسی تبدیلی ہے۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ جماعت اسلامی عوام کے تعاون سے حکومت سے مکمل ریلیف حاصل کرنے کی کوشش جاری رکھے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed