پشاور میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) منصوبوں سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشیر برائے منصوبہ بندی عثمان سیف اللہ خان، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اسلام زیب سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران گورنر فیصل کریم کنڈی کو خیبرپختونخوا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے مجوزہ بل، مجوزہ تنظیمی ڈھانچے، دائرہ کار اور اختیارات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس کے ساتھ ہی صوبے بھر میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
بریفنگ میں حکام نے انٹیگریٹڈ ٹورازم زون گانول مانسہرہ، بویون کالام اسکی ریزورٹ اور رشکئی اکنامک زون سمیت مجموعی طور پر 29 مختلف ترقیاتی و سرمایہ کاری منصوبوں کی موجودہ صورتحال اور اہداف پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے فروغ سے صوبے میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری بڑھے گی، جس سے ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تمام منصوبوں میں مکمل شفافیت، مؤثر نگرانی اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ صوبے میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔







