پشاور میں کیپٹل سٹی پولیس نے افسرانِ بالا کی خصوصی ہدایات پر ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں تھانہ ارمڑ پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے قانون شکن عناصر کو حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس کے مطابق تھانہ ارمڑ کی حدود میں کی جانے والی کارروائی کے دوران ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی سرِعام نمائش اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 2 عدد رائفلیں، ایک کلاشنکوف اور پستول برآمد کر کے قبضہ پولیس میں لے لیے گئے ہیں۔
تھانہ ارمڑ پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے انہیں حوالات منتقل کر دیا ہے، جبکہ ملزمان سے برآمد ہونے والے اسلحے کے ذرائع جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔







