پشاور کی احتساب عدالت نے اربوں روپے کے اپر کوہستان سکینڈل میں گرفتار محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو)کے جونیئر کلرک عبدالباسط کی درخواستِ ضمانت مسترد کرتے ہوئے ملزم کو جیل میں رکھنے کا حکم دے دیا۔ درخواستِ ضمانت پر سماعت احتساب عدالت کے جج محمد حامد مغل نے کی۔دورانِ سماعت نیب کے سپیشل پراسیکیوٹر حبیب اللہ بیگ نے عدالت کو بتایا کہ ملزم عبدالباسط محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کوہستان میں جونیئر کلرک تعینات تھا اور اس نے مبینہ طور پر جعلی دستاویزات کے ذریعے سرکاری خزانے سے رقوم نکلوائیں۔ نیب پراسیکیوٹر کے مطابق ملزم کے گھر پر چھاپے کے دوران سونا، قیمتی گاڑیاں اور غیر ملکی کرنسی بھی برآمد کی گئی تھی۔نیب کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں اور وہ دیگر ملزمان کے ساتھ مبینہ طور پر اس بڑے مالیاتی سکینڈل میں برابر کا شریک ہے، لہذا اسے ضمانت پر رہا نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے نیب اور ملزم کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد درخواستِ ضمانت خارج کر دی







