نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پُرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان دیکھنے کا خواہاں ہے، جو نہ صرف اپنے عوام بلکہ تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ بھی امن کے ماحول میں رہ سکے۔
اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ خطے میں بامعنی پیش رفت کے لیے ضروری ہے کہ افغان حکام پڑوسی ممالک کے جائز سکیورٹی خدشات دور کریں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنا اور محفوظ و مستحکم ماحول کا قیام علاقائی اقتصادی شراکت داریوں کو فروغ دینے اور برقرار رکھنے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان مکالمے، کشیدگی میں کمی اور خطے میں پائیدار استحکام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ خطے میں بڑھتی غیر یقینی صورتحال اور ٹیکنالوجی میں تیزی سے ہونے والی تبدیلیوں کے تناظر میں علاقائی روابط کو مزید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اقتصادی تعاون تنظیم کے چارٹر میں طے شدہ اصولوں، مقاصد اور وژن پر کاربند ہے۔ تنظیم کے بانی رکن کی حیثیت سے پاکستان علاقائی تعاون کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔
ان کے مطابق خودمختاری میں برابری، ایک دوسرے کا احترام، باہمی امور میں عدم مداخلت اور مشترکہ مفادات پر مبنی تعاون ای سی او کے بنیادی رہنما اصول ہیں۔
وزیر خارجہ نے خطے کی جغرافیائی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مغربی ایشیا کے سنگم پر واقع ہونے کے باعث یہ خطہ منفرد حیثیت رکھتا ہے۔ یہاں اہم تجارتی منڈیاں، قدرتی وسائل کی فراوانی اور تجارت کی تاریخی بنیادیں موجود ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ اس جغرافیائی اہمیت کو مضبوط اقتصادی روابط اور مشترکہ خوشحالی کے مواقع میں تبدیل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ خطے کی معاشی ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں اور درپیش چیلنجز کا مل کر مقابلہ کرنا ضروری ہے، کیونکہ باہمی تعاون کے ذریعے ترقی کے نئے امکانات پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان 2026 اور 2027 کے لیے اقتصادی تعاون تنظیم کی صدارت سنبھالنے پر فخر محسوس کرتا ہے اور اس ذمہ داری کو نتیجہ خیز اور بامقصد بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
اجلاس کے آغاز پر اسحاق ڈار نے شریک مہمانوں کا استقبال کیا۔ مختلف ممالک کے وفود کے سربراہان کی آمد کے بعد یادگاری گروپ فوٹو بھی بنوایا گیا۔







