چین کی کمپنی ایکس پینگ نے اپنی دو نشستوں والی اڑنے والی گاڑی 2027 کے موسم گرما میں متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جو مستقبل میں فضائی سفر کا نیا ذریعہ بن سکتی ہے۔
یہ گاڑی اپنی منفرد ساخت کے باعث عام فلائنگ کاروں سے مختلف ہے۔ اس میں ایک چھوٹا الیکٹرک ہیلی کاپٹر موجود ہے جو ضرورت پڑنے پر گاڑی کے پچھلے حصے سے باہر نکل کر پرواز کے قابل ہو جاتا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ گاڑی ایک کلومیٹر کی بلندی پر پرواز کرتے ہوئے 30 کلومیٹر تک کا فاصلہ طے کرسکتی ہے۔
اس گاڑی کا خاص فیچر اس کا خودکار نظام ہے، جس کے ذریعے پچھلے حصے میں موجود دروازے کھلتے ہیں اور گاڑی فلائنگ موڈیول کی شکل اختیار کرلیتی ہے۔ یہ عمل پانچ منٹ سے بھی کم وقت میں مکمل ہوجاتا ہے۔
اس کی پرواز اور لینڈنگ کا طریقہ تقریباً ہیلی کاپٹر جیسا ہے جبکہ اسے اڑنے کے لیے بہت کم رن وے درکار ہوتا ہے۔
تاہم اس جدید گاڑی کی قیمت بھی خاصی زیادہ ہے، جو تقریباً 3 لاکھ ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
ایکس پینگ کے چیف ایگزیکٹو ڈیلی زاؤ نے پرتگال میں منعقدہ ایک کانفرنس کے دوران اس فلائنگ موڈیولر گاڑی کو متعارف کرایا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ گاڑی 2027 کی دوسری ششماہی میں دیہی علاقوں اور چین کی ایمرجنسی سروسز کے لیے دستیاب ہوگی۔
ایکس پینگ گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے اڑنے والی گاڑیوں کی تیاری اور آزمائش میں مصروف ہے۔ کمپنی کو چینی سول ایوی ایشن حکام کی جانب سے اس کے محدود استعمال کی منظوری بھی حاصل ہوچکی ہے۔
اس گاڑی کو انسانی پائلٹ کے علاوہ آٹو پائلٹ اور جوائے اسٹک کے ذریعے بھی کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ڈیلی زاؤ خود بھی پائلٹ ہیں۔ ان کے مطابق وہ کسی بھی شخص کو ڈرون جیسی اس گاڑی کو اڑانے کی تربیت صرف پانچ منٹ میں دے سکتے ہیں۔







