راولپنڈی کے تھانہ دھمیال کے علاقے رنیال میں ایک طویل زیر زمین سرنگ کے ذریعے آئل فیلڈ کی مین سپلائی لائن سے کروڑوں روپے مالیت کا کروڈ آئل چوری کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
پولیس کے مطابق اس منظم واردات کے لیے مین لائن کے بالکل قریب ایک مکان کرائے پر لیا گیا تھا، جس کے اندر سے زیر زمین سرنگ کھود کر 181 فٹ طویل پائپ بچھایا گیا تھا۔ ملزمان ہائی پریشر مین سپلائی لائن کے ساتھ کلیمپ کے ذریعے یہ پائپ جوڑ کر بڑی مہارت سے کروڈ آئل چوری کرنے میں مصروف تھے۔
پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان محمد ممتاز، شوکت اور محمد اکرام کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ چھاپے کے دوران مکان میں موجود زیر زمین ٹینک سے 1431 لیٹر کروڈ آئل بھی برآمد کر لیا گیا۔
آئل فیلڈ کے سینئر ایگزیکٹو ایڈمن شاہد احمد کی مدعیت میں درج کرائے جانے والے مقدمے کے مطابق ملزمان مین سپلائی لائن سے مجموعی طور پر 1100 بیرل کروڈ آئل اڑا چکے ہیں، جس کی مالیت 2 کروڑ 32 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔ پولیس نے مقدمے میں مکان کے نگران شاہ محمد سمیت ساجد، اختر، حفظ الرحمان اور زاہد کو بھی نامزد کر کے آئل چوری میں ملوث قرار دیا ہے، جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری اور مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔







