لاہور کے علاقے گجر پورہ میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم کو حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق سگیاں پنڈ کے رہائشی سلیمان عرف پومی نے مبینہ طور پر ایک خاتون کو اس وقت زیادتی کا نشانہ بنایا جب وہ صبح کے اوقات میں ملزم کی والدہ سے ملاقات کی غرض سے اس کے گھر آئی تھی۔ ملزم کی والدہ اس وقت گھر پر موجود نہیں تھیں، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزم نے مکان کا دروازہ بند کر دیا اور متاثرہ خاتون کو زبردستی کمرے میں لے جا کر زیادتی کی۔
اطلاع موصول ہونے پر گجر پورہ پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ملزم سلیمان کو گرفتار کر کے اس کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے ملزم کو انویسٹی گیشن ونگ کے سپرد کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ایس پی سول لائنز منزہ کرام کا کہنا ہے کہ خواتین کے استحصال میں ملوث عناصر کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔







