پاکستان تحریک انصاف کے سابق ترجمان اور سینئر قانون دان معظم بٹ ایڈووکیٹ نے خیبر پختونخوا میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری اراضی واگزار کرانے کے لیے کارروائی آئین اور قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کی جانی چاہیے، تاہم موجودہ آپریشن کے طریقہ کار پر کئی اہم سوالات جنم لے رہے ہیں۔اپنے ایک بیان میں معظم بٹ ایڈووکیٹ نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی اپنی جگہ درست ہے، لیکن یہ واضح ہونا چاہیے کہ جن افراد کے پاس انتقالات اور رجسٹریوں کی صورت میں قانونی ملکیتی دستاویزات موجود ہیں، ان کے ساتھ کس طرح کا برتا کیا جا رہا ہے۔ کیا آپریشن انجینئرز کی نگرانی میں کیا جا رہا ہے؟ سرکاری اراضی کی حدود کا تعین کس بنیاد پر ہو رہا ہے یا صرف عمارتیں مسمار کی جا رہی ہیں؟انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی اور دیگر مسائل کے باعث مشکلات سے دوچار ہیں، ایسے میں اگر کسی اچھے اقدام کو بھی غلط طریقے سے نافذ کیا جائے تو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، بلکہ عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ بہتری لانے کے بجائے لوگوں کو پریشانی سے دوچار کرنا کسی صورت مناسب نہیں۔معظم بٹ نے کہا کہ اگر تجاوزات کے خلاف آپریشن کی آڑ میں کسی کی ذاتی ملکیت کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے تو متاثرہ شہریوں کو اس کے خلاف قانونی کارروائی کا حق حاصل ہے۔ جن افراد کے پاس ملکیت کے مستند قانونی کاغذات موجود ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے عدالتوں سے رجوع کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو قانون اور عدلیہ پر اعتماد کرنا ہوگا، کیونکہ عدالتیں بنیادی حقوق کی محافظ ہیں اور اس تمام کارروائی کے دوران متعلقہ سرکاری محکمے بھی اپنے اقدامات کے حوالے سے جواب دہ ہوں گے۔







