مسجد کو دہشتگردی کیلئے استعمال کرنا افسوسناک ہے’مولانا طیب قریشی

مشیر اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور مولانا محمد طیب قریشی نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں فتنہ الخوارج کی جانب سے مساجد کو اسلحہ و بارود کے ذخیرے اور دہشتگردی کے لیے استعمال کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مساجد جیسے مقدس مقامات کو دہشتگردی کے مراکز میں تبدیل کرنا انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ دہشتگرد عناصر نے مسجد کے تقدس کو پامال کرکے اپنے اسلام دشمن عزائم ایک بار پھر بے نقاب کردیئے ہیں۔مولانا طیب قریشی نے کہا کہ اسلام میں مسجد عبادت، ذکر، تعلیم، اصلاح، امن اور خیر کا مرکز ہے۔ قرآن و سنت میں مساجد کے احترام اور تقدس کی واضح تعلیمات موجود ہیں۔ کسی مسجد کو اسلحہ و بارود رکھنے، دہشتگردی کی منصوبہ بندی، شہریوں کے خلاف کارروائی یا کسی بھی تخریبی سرگرمی کے لیے استعمال کرنا اسلامی تعلیمات کی صریح خلاف ورزی اور مسجد کے تقدس کی کھلی پامالی ہے۔انہوں نے کہا کہ میر علی میں مسجد کے اندر اسلحہ و بارود کے ذخائر اور دہشتگردی کے مراکز کا سامنے آنا ان عناصر کے جھوٹے پروپیگنڈے کو بے نقاب کرتا ہے جو مساجد اور مذہب کو اپنے مذموم عزائم کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ فتنہ الخوارج نے خود مساجد کے تقدس کو پامال کرکے اپنے اسلام دشمن کردار کا ثبوت دیا ہے۔مشیر اوقاف نے کہا کہ جو عناصر بے گناہ مسلمانوں کا خون بہاتے، عبادت گاہوں کو دہشتگردی کے لیے استعمال کرتے اور مذہب کو اپنے جرائم کے لیے ڈھال بناتے ہیں، ان کا اسلام کی حقیقی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں۔ پاکستانی عوام دہشتگردی کو مذہب سے جوڑنے اور دین کی من پسند تشریحات کے ذریعے تشدد کو جواز فراہم کرنے کی کوششوں کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔مولانا طیب قریشی نے سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے افواج پاکستان اور سکیورٹی فورسز کو مبارکباد دی اور کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر افواج اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے قومی یکجہتی، مذہبی ہم آہنگی اور اسلام کی حقیقی امن و سلامتی پر مبنی تعلیمات کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed