وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے رواں سال پاکستان ریلوے کی آمدن 160ارب روپے تک پہنچانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریلوے کے مسائل حل کرنے کے لیے 31دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی گئی ہے، اس دوران چھٹیاں بند ہوں گی اور تمام افسران و عملہ فیلڈ میں موجود رہیں گے۔وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر عوام ایکسپریس کی 11نئی کوچز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور نئی بوگیوں کا معائنہ کیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے اے اے انٹرپرائزز کو مبارک باد دی اور کہا کہ عوام ایکسپریس پہلے ایسی حالت میں تھی کہ اسے دیکھنے کو دل نہیں کرتا تھا تاہم اب اسے بہترین انداز میں تیار کیا گیا ہے۔ اس ٹرین کو کامیاب بنائیں گے اور اسے ناکام بنانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔عوام ایکسپریس کی نجکاری کے بعد نئی تزئین و آرائش مکمل کر لی گئی ہے اور ٹرین نجی شعبے کے تعاون سے سفر شروع کر رہی ہے۔وفاقی وزیر حنیف عباسی نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق ٹرینیں نجی شعبے کے حوالے کی جا رہی ہیں۔ ریلوے کی آمدن 88ارب روپے سے بڑھ کر 115ارب روپے تک پہنچ چکی ہے اور رواں سال اسے 160ارب روپے تک لے جانے کا ہدف ہے۔ ریلوے ملازمین کی تنخواہیں باقاعدہ کر دی گئی ہیں ۔صفائی کے نظام کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، 60ریلوے اسٹیشنوں پر مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔حنیف عباسی نے بتایا کہ ریلوے ورکشاپ لاہور جو 15سال سے بند تھی، اسے بحال کر دیا گیا ہے، 2008سے بند انجنوں اور پہیوں کی مرمت کرنے والی پانچوں ورکشاپس بھی دوبارہ فعال کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 40ٹرینوں میں سے 20میں مکمل بریکیں موجود نہیں ہیں تاہم ریلوے کے مسائل 31دسمبر تک حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔







