گورنمنٹ فرنٹیئر کالج فار ویمن پشاور میں شاعرِ مشرق، مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کا یومِ ولادت قومی جوش و جذبے، عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں کالج میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طالبات نے مختلف تعلیمی، ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے علامہ اقبالؒ کی فکر، فلسفۂ خودی، قومی شعور اور نوجوان نسل کے لیے ان کے پیغام کو اجاگر کیا،تقریب کی مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل/ریونیو) نوشہرہ سارہ تواب تھیں، جبکہ کالج کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شاہین عمر، اسسٹنٹ پروفیسر صدف، ہادیہ سید، دیگر اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی سارہ تواب اور کالج کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شاہین عمر نے یومِ اقبالؒ کی تاریخی، ادبی اور قومی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبالؒ کی شاعری محض ادبی سرمایہ نہیں بلکہ ایک مکمل فکری اور عملی رہنمائی کا ذریعہ ہے۔ اقبالؒ نے اپنے کلام کے ذریعے مسلمانوں میں خودی، خود اعتمادی، جدوجہد، بلند مقاصد اور قومی تشخص کا شعور بیدار کیا، جبکہ ان کے افکار آج بھی نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں،مقررین نے کہا کہ علامہ اقبالؒ نے نوجوانوں کو شاہین کی بلند پروازی، خودداری، حوصلے اور مسلسل جدوجہد کا درس دیا۔ ان کا پیغام نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں پر اعتماد کرنے، علم حاصل کرنے اور زندگی میں بلند مقاصد متعین کرنے کی ترغیب دیتا ہے،انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی ذمہ داری صرف طلبہ و طالبات کو معیاری تعلیم فراہم کرنا ہی نہیں بلکہ انہیں قومی شخصیات کے افکار، نظریات اور اخلاقی اقدار سے روشناس کرانا بھی ہے۔ علامہ اقبالؒ کا تصورِ خودی نوجوان نسل کو اپنی پہچان بنانے، مشکلات کا مقابلہ کرنے اور ملک و قوم کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے کا حوصلہ دیتا ہے،ان کا کہنا تھا کہ اقبالؒ کے پیغام کو محض تقریبات اور تقاریر تک محدود رکھنے کے بجائے اسے عملی زندگی کا حصہ بنانے کی ضرورت ہے تاکہ نوجوان نسل خود اعتمادی، علم، کردار اور محنت کے ذریعے معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکے،تقریب کے دوران طالبات نے خوبصورت ٹیبلو، ملی و ادبی نظموں اور کلامِ اقبالؒ کی دلنشین انداز میں پیشکش کی، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے علامہ اقبالؒ کے افکار و نظریات کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا گیا اور طالبات کو اپنے قومی، ادبی اور فکری ورثے سے وابستگی کا موقع فراہم کیا گیا،تقریب کے انعقاد کا بنیادی مقصد نئی نسل کو شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے افکار و فلسفے سے روشناس کرانا، ان کے پیغامِ خودی کو عام کرنا اور طالبات میں قومی شعور، خود اعتمادی، تخلیقی صلاحیتوں اور مثبت سوچ کو فروغ دینا تھا۔







