انڈر 19 ایشیا کپ: پاکستان نے بھارت کو تین وکٹوں سے شکست دے دی

شکیل الرحمان، پشاور

عمان میں جاری اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ 2026 میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔ پاکستان کی فتح میں وکٹ کیپر بیٹر حمزہ ظہور نے مرکزی کردار ادا کیا جنہوں نے دباؤ کے باوجود ناقابل شکست سنچری اسکور کرکے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ دوسرے میچ میں متحدہ عرب امارات نے نیپال کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔
پاکستان بمقابلہ بھارت
العمرات کرکٹ گراؤنڈ عمان میں کھیلے گئے گروپ اے کے اہم مقابلے میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستانی بولرز نے ابتدا ہی سے بھارتی بیٹنگ لائن کو دباؤ میں رکھا۔ بھارتی کپتان لکشیہ رائے چندانی پہلے ہی اوور میں علی رضا کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ علی رضا نے بعدازاں وک ونےت کو بھی پویلین کی راہ دکھائی جبکہ رضوان اللہ نے یش بردھن چوہان کو ایک رن پر آؤٹ کیا۔
بھارت نے ابتدائی چار وکٹیں 42 رنز پر گنوا دیں۔ اس مشکل صورت حال میں ارجن راجپوت نے شاندار مزاحمت کرتے ہوئے 85 گیندوں پر 107 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 11 چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے۔ آریان ویر سہواگ نے 22، انوے ڈریوڈ نے 10 اور منال چوہان نے 11 رنز بنائے، جبکہ کاویا پٹیل نے 23 رنز کی اننگز کھیلی۔
ارجن راجپوت کی سنچری کے باوجود بھارتی ٹیم 46.3 اوورز میں 208 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے علی رضا، رضوان اللہ اور نقاب شفیق نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد سیم نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
209 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ابتدائی وکٹیں گرنے کے باعث ٹیم دباؤ میں آگئی، تاہم حمزہ ظہور نے ذمہ دارانہ اور شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 100 رنز بنائے۔ ان کی سنچری نے پاکستان کی کامیابی میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ پاکستان نے 48.1 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بناکر تین وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔
حمزہ ظہور کو شاندار سنچری پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے گروپ اے میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرلی۔
متحدہ عرب امارات نے نیپال کو سات وکٹوں سے ہرادیا
گروپ اے کے دوسرے میچ میں متحدہ عرب امارات نے نیپال کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیپال کی ٹیم 41 اوورز میں 153 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سہیل کنور نے 33 اور سچن بھٹ نے 32 رنز بنائے۔
متحدہ عرب امارات کی جانب سے نسیم خان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایان مصباح نے تین اور نوراللہ ایوبی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں متحدہ عرب امارات نے مطلوبہ 154 رنز کا ہدف 34.4 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ایان مصباح نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 104 گیندوں پر 75 رنز بنائے۔ یاین رائے نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔ ایان مصباح کو آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ انہوں نے بیٹنگ میں 75 رنز بنانے کے علاوہ تین وکٹیں بھی حاصل کیں۔
پاکستان نے اس سے قبل اپنے افتتاحی میچ میں متحدہ عرب امارات کو نو وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اس طرح پاکستانی ٹیم نے دو میچوں میں دو فتوحات کے ساتھ گروپ اے میں اپنی برتری برقرار رکھی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed