لاہور: شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کم عمر لڑکے سے مبینہ زیادتی اور رقم کے تنازع پر خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعات میں تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق اسلام پورہ میں ملزم ندیم مبینہ طور پر ایک کم عمر لڑکے کو بہلا پھسلا کر اپنے گھر لے گیا، جہاں اس نے بچے کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ بعد ازاں اسے ڈرا دھمکا کر گھر واپس بھیج دیا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر اسلام پورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو کا کہنا ہے کہ بچوں پر تشدد اور جنسی استحصال سے متعلق شکایات پر فوری کارروائی کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب کاہنہ میں رقم کی واپسی کا مطالبہ کرنے پر خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ملزم عقیل نے اپنے ماموں مزمل کے ساتھ مل کر خاتون خدیجہ پر تشدد کیا۔ متاثرہ خاتون اپنے قرض کی رقم واپس لینے کے لیے عقیل کے گھر گئی تھیں۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اسد علی کے مطابق متاثرہ خاتون اور ملزم ایک نجی کمپنی میں اکٹھے کام کرتے تھے۔ واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کے لیے کیس انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن کا کہنا ہے کہ خواتین کا استحصال کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔







