بابر اعظم کا ٹیسٹ ٹیم میں سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں پر اعتماد

 

راولپنڈی: پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ قومی ٹیم ٹیسٹ کرکٹ میں سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کے امتزاج کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ لوگ سوال کر رہے ہیں کہ ٹیسٹ ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ مواقع کیوں دیے جا رہے ہیں، تاہم انگلینڈ میں ہی نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ آگے بڑھنے کا فیصلہ کرلیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ میں آنے والی تبدیلی سب کے سامنے ہے اور ٹیم میں 7 سے 8 کھلاڑی نوجوان ہیں۔ ان کے مطابق یہ کھلاڑی فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل کر آرہے ہیں اور اچھی فارم میں ہیں، اسی لیے ٹیم میں تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا توازن برقرار رکھا جائے گا۔

اپنی کارکردگی سے متعلق سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ کوئی بھی کھلاڑی مکمل نہیں ہوتا اور بہتری کی گنجائش ہمیشہ موجود رہتی ہے۔ وہ اپنی غلطیوں کا جائزہ لیتے ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ جتنا زیادہ کھیلیں گے، اتنی ہی بہتری آئے گی۔ کرکٹ میں ہر روز ایک جیسی کارکردگی نہیں ہوتی اور نہ ہی ہر دن ایک جیسی غلطیاں دہرائی جاتی ہیں۔

ٹیسٹ کپتان نے مزید کہا کہ جہاں ضرورت محسوس ہوتی ہے، وہ سلیکٹرز کے سامنے اپنی رائے رکھتے ہیں۔ ان کے لیے ہر سیریز اہمیت رکھتی ہے اور وہ ہر میچ میں ٹیم کو کامیابی دلانے کی کوشش کرتے ہیں۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ بطور سینئر کھلاڑی وہ ہمیشہ بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتے ہیں اور انہیں معلوم ہے کہ شائقین ان کی اچھی پرفارمنس کے منتظر ہیں۔

محمد یوسف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے لیجنڈ اور بہترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ تاحال ان کا محمد یوسف سے رابطہ نہیں ہوا، تاہم اگر وہ رابطہ کریں گے تو ان سے ضرور سیکھیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed